دینی مدارس اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہیں:سعید الحسن شاہ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) وزیر اوقاف پنجاب پیر سعید الحسن شاہ،سیکرٹری اوقاف پنجاب جواد اکرم اور ڈائریکٹر جنرل اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ دینی مدارس علوم ومعارف کا مرکز اور ہماری اسلامی تاریخ کا درخشاں باب ہیں، ان کو جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔موجودہ حکومت اس پر بھر پور توجہ مرکوز کئے ہوئے ہیں۔ انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ضروری ہے کہ صوفیاء کے اسلوب دعوت وتبلیغ کو عام کیا جائے۔اسلام امن ، رواداری ،محبت اور انسان دوستی کا دین ہے ،ان افکار اور تعلیمات کا ابلاغ ہماری ذمہ داری ہے۔مدارس کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے حوالے سے محکمہ اوقاف نے جامعہ ہجویریہ میں انگریزی اور ریاضی وغیرہ عصری مضامین کی تدریس کے ساتھ کمپیوٹر اورلینگوئیج لیب جیسے پراجیکٹ کی عملی سطح پر تکمیل کے بعد جدید لائبریری کے قیام کی طرف گامزن ہے ، جس سے جامعہ ہجویریہ پہلے ماڈل دینی مدرسہ کے طور پر نمایاں اور معتبر ہوا ہے۔وہ داتا دربار میں قائم ماڈل دینی مدرسہ میں طلبہ سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر جامعہ کے طلبہ کے درمیان تحائف بھی تقسیم کیے گئے اور جامعتہ الازہرمصر کے ساتھ جاری الحاق اور دیگر تعلیمی اور تدریسی امور کا جائزہ بھی پیش ہوا۔