• news

ابھی سیاست میںآنے کا ارادہ نہیں ‘عمران خان  نے پیشکش کی تو سوچوں گا: محمد حفیظ 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)سابق کرکٹر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ سے متعلق رمیز راجہ کو آگاہ کرنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے وقت نہ دیا، انہیں لگا کسی اور مقصد کیلئے ملنا چاہ رہا ہوں۔ اصولوں پر سمجھوتا نہیں کرتا اس لیے کبھی بورڈ کی آنکھوں کا تارا نہیں رہا، جہاں بھی کچھ غلط ہوا اس کے خلاف آواز بلند کی۔ ریٹائرمنٹ پر کوئی افسوس نہیں ملک کیلئے بہترین کرکٹ کھیلا ہوں۔ سیاست میں خدمت کرنے کا موقع ملا تو آؤں گا لیکن ابھی تک سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، عمران خان نے پی ٹی آئی میں آنے کی آفر کی تو سوچوں گا۔بائولنگ ایکشن سے متعلق امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے، بائولنگ ایکشن رپورٹ ہونے کے بعد کلیئر ہوا اور پھر دوبارہ بائولنگ کرکے کامیابی حاصل کی۔سابق سی ای او پی سی بی وسیم خان سے متعلق کہا کہ وہ تین سال تک کامیابی سے فیل ہوتے رہے، کھلاڑیوں سے میچ کے بعد کارکردگی کا پوچھا جاتا ہے، پی سی بی عہدیداروں سے ان کی کارکردگی کا کیوں نہیں پوچھا جاتا، پی سی بی عہدیداروں سے باز پرس ہونی چاہیے۔ پاکستان کرکٹ کا موازنہ آسٹریلیا اور انگلینڈ سے نہیں کیا جاسکتا، آسٹریلیا اور انگلینڈ ویلفیئر سٹیٹ ہیں پاکستان نہیں۔ وزیراعظم سے ملنے کے معاملے پر پی سی بی کو برا لگا لیکن مجھے فرق نہیں پڑتا میرے ساتھی کھلاڑیوں مصباح الحق اور اظہر علی کو مشکلات جھیلنے پڑیں۔ عمران خان کا سپورٹر تھا اور رہوں گا، انشا اللہ وہ اگلی بار بھی وزیراعظم بنیں گے، افسوس ہے عمران خان کے ہوتے ہوئے سپورٹس میں اصلاحات نہیں ہوئیں۔ورلڈ کپ سیمی فائنل میں ڈیوڈ وارنر کے نوبال پر چھکا مارنے کے سوال پر کہا کہ ہر شخص کی اپنی زندگی کے اصول ہیں، مجھے موقع ملتا تو کبھی ایسا نہیں کرتا اور بال کو چھوڑ دیتا۔

ای پیپر-دی نیشن