اپوزیشن کا بیانیہ پاش پاش ہو چکا‘ میں عمران کا متبادل نہیں: اسد عمر
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کہتی ہے حکومت آج جا رہی، کل گھر جا رہی۔ ان لوگوں کا بیانیہ پاش پاش ہو چکا ۔ وزیراعظم اپنی مدت پوری کرینگے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں ریکارڈ معاشی ترقی ہوئی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ کرونا سے دنیا کی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں تاہم موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں سب سے زیادہ ترقی گزشتہ سال میں ہوئی ہے۔ شرح نمو 5.37 فیصد ہو چکی ہے۔ فیصل آباد میں وزیرمملکت اطلاعات ونشریات کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کی شرح نمو گزشتہ 14 سال کی دوسرا تیز ترین ڈیجٹ ہے۔ اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق کرونا سے نمٹنے میں پاکستان کی کارکردگی بہترین ہے۔ 14 برسوں میں مالی سال 20-2019 ترقی کے لحاظ سے دوسرا بڑا سال رہا۔ بڑی انڈسٹری کی شرح نمو 15.2 فیصد پہ پہنچ گئی۔ اسد عمر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور تحریک انصاف میں عمران خان کا ہے۔ عمران خان نہ ہوتے تو سیاست میں نہ آتا۔ پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی لیڈر شپ پر سوال نہیں اٹھا سکتا۔ خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے۔ ن لیگ‘ اے این پی‘ پیپلز پرٹی سے زیادہ پی ٹی آئی نے تحصیلیں جیتیں۔ بلدیاتی انتخابات میں وہ نتائج نہیں ملے جس کی ووٹرز اور ورکرز کو امید تھی۔ مہنگائی کی وجہ سے عوام میں بے چینی ہے۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی وراثتی پارٹیاں ہیں۔ مہنگائی پاکستان میں ہی نہیں عالمی سطح پر بھی ہے۔ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں مقابلہ سخت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد دورے کا مقصد کارکنوں کو متحد کرنا ہے۔ سال 2022ء بلدیاتی الیکشن کا سال ہے۔ کارکن بلدیاتی انتخابات کیلئے بھرپور تیاری کریں۔