• news

دھماکہ ’’ را ‘‘ سٹائل ، بی این اے کو بھارتی فنڈنگ کے ثبوت موجود 

لاہور (احسان شوکت سے) نئی انارکلی دھماکے میں استعمال ہونے والے بم کی ساخت، نوعیت اور مواد ماضی میں ہونے والے دھماکوں سے مختلف تھا۔ حساس ادارے اس دھماکے کا تعلق بلوچستان کی ایک علیحدگی پسند تنظیم سے جوڑ رہے ہیں۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ٹورسٹ سٹریٹ میں دھماکہ طالبان یا داعش کی کارروائی نہیں کیونکہ طالبان یا داعش کی جانب سے ماضی میں ہونے والے تمام دھماکوں میں زیادہ انسانی جانوں کے نقصان کے لئے دھماکہ خیز مواد میں بال بیرنگ اور کیل زیادہ شامل کئے جاتے تھے۔ نئی انارکلی کے پلانٹڈ دھماکے میں ایسا دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا ہے جو ماضی میں بھارتی ایجنسی ’’را‘‘ کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جاتا تھا۔ ذرائع کے مطابق یہ دھماکہ انسانی جانوں کے ضیاع کے لئے نہیں بلکہ خوف و ہراس کی فضا پھیلانے کے لئے کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق وطن دشمن عناصر نے یہ دھماکہ انسانی ہلاکتوں کی بجائے خوف و ہراس پھیلانے اور اس کی آڑ میں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنے کے لئے کیا ہے، جس میں بھارتی ایجنسی’’ را‘‘ اور بھارتی فنڈز پر پلنے والی ایک صوبائی علیحدگی پسند  بلوچ نیشنلسٹ آرمی کے ملوث ہونے کے حوالے سے ثبوت ملے ہیں۔ دشمن کی اس تخریب کاری کا مقصد انسانی جانیں لینے سے زیادہ امن و امان کی فضا کو سبوتاژ کرنا اور شدید خوف و ہراس کی فضا پھیلانا ہے۔ دشمن کے ایسے مذموم ارادوں اور کارروائیوں کے باعث اسلام آباد اور پشاور کے بعد لاہور میں تخریب کاری کے واقعات سے ملک میں دہشت گردی کی ایک نئی لہر نظر آرہی ہے۔ ملک دشمن عناصر کا بازار میں بھیڑ والی جگہ پر دھماکہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ شہریوں میں زیادہ سے زیادہ خوف پھیل سکے اور وہ عدم تحفظ کا شکار ہوں۔ ماضی میں بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ وطن عزیز میں ایسے متعدد دھماکوں میں ملوث پائی گئی ہے جس کے تحت دھماکہ خیز مواد اپنے ہدف پر نصب کرکے اسے موبائل ڈیوائس یا پھر الیکٹرک ڈیوائس پر ٹائم فکس کرکے دھماکہ کر دیا جاتا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والا انارکلی دھماکہ بھی اسی نوعیت اور طرز کا تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل ماضی میں بھی پرانی انارکلی میں 2دھماکے ہوچکے ہیں۔یاد رہے کہ چند روز قبل بلوچ ریپبلیکن آرمی (بی آر اے) اور یونائیٹڈبلوچ آرمی ( یوبی اے) کے انضمام سیبلوچ نیشنلسٹ آرمی (بی این اے )کاقیام عمل میں لایا گیا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن