اسلام آباد کے بعد لاہور دہشتگردی نیک فال نہیں ، حکومت ناکام : اپوزیشن
لاہور/ اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ لاہور کے زندہ دل اور تاریخی علاقے انارکلی میں دھماکے سے قیمتی جانی نقصان پر بے حد دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ معصوم بچے اور غریب افراد نشانہ بنے جو انتہائی قابل مذمت ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ اسلام آباد کے بعد لاہور میں دہشت گردی ملک کیلئے نیک فال نہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میںبم دھماکے کی مذمت کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت زخمیوں کے فوری بہتر علاج و معالجے کے لئے اقدامات کرے۔ اسلام آباد میںپولیس افسران کی شہادت کے بعد انارکلی میں دھماکہ تشویشناک ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں 3 افراد کی ٹارگٹ کلنگ میںہلاکت ہوئی۔ ملک میں دہشتگردی کا عفریت قابو سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ عمران خان میں وہ اہلیت نہیں کہ کسی بحران کو حل کر سکیں۔ سابق صدر آصف علی زرداری نے لاہور میں دھماکے کی مذمت کی اور کہا کہ حکومت دہشتگردوں اور منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لائے۔ فضل الرحمان نے کہا کہ انارکلی بازار میں دھماکے کا سن کر بے حد افسوس ہوا۔ انارکلی دھماکے سے صوبائی حکومت اور انتظامیہ کی نااہلی کھل کر سامنے آ گئی ہے۔ صوبائی حکوم شہریوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہو گئی ہے۔ جمعیت علماء اسلام کے رضا کار زخمیوں کو خون کے عطیات فراہم کریں۔ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پر تنقید کرتے کہا ہے کہ لاہور دھماکے میں تین افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہوئے، اندازہ لگائیں عمران خان پروپیگنڈا سیل میں کیا باتیں کر رہے ہیں؟۔ عمران خان شریف خاندان کے بعد کیا سانحہ کے متاثرین کو مورد الزام ٹھہرائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے انارکلی بم دھماکہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے شہداء کے لیے دعا مغفرت کی ہے۔ امیر جماعت کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ پریشان کن ہے، لاہور میں کئی سال بعد دہشت گردی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم متحد رہے، ان شاء اللہ مل کر اس عفریت سے نجات حاصل کریں گے۔ حکمران ملک دشمن سازشوں سے خبردار رہیں۔ مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز نے لاہور بم دھماکے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ زخمیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ دہشتگردانہ کارروائی میں شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا۔ حمزہ شہباز نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کا ہمارے دور میں سر کچل دیا گیا تھا لیکن دشمن ایک مرتبہ پھر اپنے پر پھیلا رہا ہے۔