پاکستان فلم ویک کا آغاز‘ بھارت کیساتھ امن چاہتے ہیں: فواد چودھری
دبئی (نوائے وقت رپورٹ) دبئی ایکسپو میں پاکستان فلم ویک کا آغاز ہو گیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت دونوں ممالک امن کے ساتھ رہیں، ہم امن چاہتے ہیں پیار اور محبت کے ساتھ رہنا چاہتے ہیں۔ فواد چودھری نے کہا کہ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بڑھے۔ بھارت سے جو لوگ یہاں موجود ہیں ہم انہیں بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ مودی جی سے کہنا چاہتا ہوں تم اپنے عقیدوں کے نیزے ہر دل میں اتارے جاتے ہو، ہم لوگ محبت والے ہیں تم خنجر کیوں لہراتے ہو؟ ہم اس خطے کو آگے لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان اور بھارت کے عوام امن وآشتی کے ساتھ رہیں۔ میوزک‘ کلچر اور کرکٹ ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔