خیبر پی کے بلدیاتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ، پولنگ27 مارچ کو ہوگی
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) الیکشن کمشن نے خیبر پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ الیکشن کمشن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق کاغذات نامزدگی 7 سے 11فروری تک جمع ہوسکیں گے، نامزد امیدواروں کی فہرست 12فروری کو جاری ہوگی اور 14 سے 16 فروری تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال ہوگی۔ کاغذات نامزدگی مسترد یا منظوری کیخلاف اپیلیں 17 سے 19فروری تک دائر ہوں گی، اپیلوں پر فیصلہ 22 فروری تک کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25 فروری ہوگی اور نامزد امیدواروں کی حتمی فہرست 25 فروری کو ہی لگائی جائے گی۔ الیکشن کمشن کے مطابق نامزد امیدواروں کو انتخابی نشانات 28 فروری کو الاٹ ہوں گے، کامیاب امیدواروں کا حتمی اعلان یکم اپریل کو کیا جائے گا۔