چونگی امرسدھو : ہیٹر سے آتشزدگی ، 3 کمسن بھائی نہن جان بحق ، میاں بیوی ، 3 بچے زخمی
لاہور (نامہ نگار) چونگی امرسدھو کے ایک گھر میں ہیٹر کی وجہ سے آتشزدگی سے تین کمسن بہن، بھائی ہلاک جبکہ ان کے ماں باپ اور تین بھائی شدید زخمی ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق گلستان کالونی چونگی امرسدھو کا رہائشی مراتب گھر کے کمرے میں ہیٹر جلا کر اپنی بیوی فرزانہ اور 6بچوں زہرا، لاریب، علی عباس، علی رضا، علی حسن اور علی حمزہ کے ہمراہ سو گئے۔ ہیٹر کی وجہ سے اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے پورے گھر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مراتب کی آنکھ کھل گئی اس نے باہر نکل کر مدد کے لئے محلہ داروں کے دروازے کھٹکھٹائے جنہوں نے آگ بجھانے اور فیملی کو باہر نکالنے کی کوشش کی اور اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پا کر زخمی مراتب، اس کی بیوی فرزانہ اور 6بچوں کو ہسپتال منتقل کیا۔ جہاں ڈاکٹروں نے تین بچوں 2سالہ علی عباس، 4 سالہ زہرا اور 6 سالہ لاریب کی موت کی تصدیق کر دی جبکہ دیگر زخمیوں مراتب علی، فرزانہ اور ان کے تین بیٹوں علی رضا، علی حسن اور علی حمزہ کا علاج جاری ہے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی بچوں کی حالت تشویشناک ہے۔ہلاکتیں آگ لگنے اور دھویں کے باعث دم گھٹنے سے ہوئی ہیں۔ لاہورسے نیوز رپورٹرکے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چونگی امر سدھو میں آتشزدگی کے باعث 3 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا اورکمشنر لاہور ڈویژن سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔