کم آمدن والوں کیلئے گھروں کی قرعہ اندازی ، عثمان بزدار نے زخمیوں کی عیادت کی
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار انارکلی بم دھماکے میں زخمی افراد کی عیادت کیلئے میوہسپتال پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ نے فرداً فرداً زخمیوں کے پاس جا کر مزاج پرسی کی اور علاج معالجے اور دیگر امور کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ عثمان بزدار نے زیر علاج زخمیوں کا حوصلہ بڑھایا۔ بم دھماکے میں زخمی خاتون کو دلاسہ دیا۔ شیراز نامی نوجوان کے 5کامیاب آپریشن ہونے پر ڈاکٹروں کو شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہور کو شیراز کی مالی امداد کی ہدایت بھی کی۔ زیر علاج زخمی نے وزیر اعلیٰ سے گفتگو میں کہا کہ آپ ہمارے سرپرست ہیں، اب ہمیں کوئی فکر نہیں۔ وزیراعلیٰ نے وارڈ میں زیر علاج دیگر مریضوں کی عیادت بھی کی۔ بزرگ مریض نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی وجہ سے ہمیں مفت علاج کی سہولت مل رہی ہے۔ بزرگ مریض نے وزیراعلیٰ کیلئے دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ اللہ آپ کے درجات بلند کرے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیوٹی ڈاکٹروں اور سٹاف کو زخمیوں کا دلجمعی سے علاج کرنے پر سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہر زخمی کو مفت اور بہترین علاج میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ حکومت پنجاب بم دھماکہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔پرائم منسٹر پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے حوالے سے خوشخبری آگئی،کم آمدن والے لوگوں کیلئے گھر کے خواب کو تعبیر مل گئی۔ ساڑھے 17 لاکھ روپے کا ساڑھے 3 مرلے کا گھر ملے گا اور 20 سال کیلئے 6526 روپے ماہانہ قسط ہو گی۔ کم آمدن والے افراد کیلئے پیری اربن ایریا میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کیلئے وزیر اعلیٰ آفس میں قرعہ اندازی کی تقریب ہوئی۔ عثمان بزدار نے3 تحصیلوں میں گھروں کی الاٹمنٹ کیلئے بٹن دبا کر قرعہ اندازی کی اورگھر حاصل کرنے والے خوش نصیبوں کو مبارکباددی۔ وزیر اعلی نے پرائم منسٹر پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا لیگ شپ پراجیکٹ ہے۔ پہلی مرتبہ بے گھر لوگوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پورا کرنے کی جانب عملی قدم اٹھایا گیا ہے۔ پنجاب کی ہر تحصیل اور ہر ڈسٹرکٹ میں پیری اربن ایفورڈایبل ہاؤسنگ سکیم بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں پیری اربن ہاؤسنگ کیلئے 133 مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے ملتان کیلئے ایڈیشنل ڈی جی پی آر کی پوسٹ کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈیجیٹل میڈیا ونگ، ڈی جی پی آر کی 5 خالی پوسٹوں پر بھرتی کی منظوری اور گورنمنٹ وقارالنساء پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کے چارٹر کی منظوری بھی دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یورنیورسٹی کے قیام کی سکیم کو رواں مالی سال کے اے ڈی پی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ساہیوال کی ترقی کیلئے18سکیموں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ ضلع ساہیوال میں 50 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے سکیموں پر کام شرو ع کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپورٹس وظائف، کیش ایوارڈز اور انتقال کرنے والے سابق کھلاڑیوں کے خاندانوں کیلئے 4 کروڑ روپے کی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ مولانا طاہر محمود اشرفی نے ملاقات کی۔ملاقات میں بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی یک جہتی اور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے علما کرام کا کردار قابل تحسین ہے۔معاشرے میں تحمل، برداشت اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے علما نتیجہ خیز کردار ادا کرسکتے ہیں۔