5.37 فیصد ترقی پر پارٹی کو مبارک ، منتخب نمائندے رابطہ مہم تیز کریں : عمران
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے اپنی حکومت کی معاشی کارکردگی پر بیان جاری کیا ہے۔ جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے5.37 فیصد شرح نمو حاصل کرنے پر اپنی حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ تین برس میں 5.37 فیصد کی شرح نمو حاصل کرنے پر اپنی حکومت کو مبارکباد دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس شرح نمو کی بدولت روزگار کے مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کی اقتصادی اصلاحات کی کامیابی کو عالمی سطح پر بھی تسلیم کیا جارہا ہے، عالمی جریدے بلوم برگ کا بھی کہنا ہے کہ پاکستان بڑھتی ہوئی شرح نمو کا تسلسل جاری رکھے گا۔ وزیراعظم نے حکومت کی معاشی کارگردگی کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹس بھی سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ وزیراعظم نے لکھا کہ کرونا پھیلنے کے بعد سے پاکستان کو نارملسی انڈیکس میں 3 سرفہرست ممالک میں شامل کیا گیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے مشیر سمندر پار پاکستانی امور ایوب آفریدی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانیوں کی خاطر شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے معاون خصوصی کو سمندر پار پاکستانیوں اور سفارتخانوں کے درمیان روابط بڑھا کر مسائل کے حل کی رفتار کو مزید تیز کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم عمران خان سے ارکان قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فیض اللہ کموکا، خواجہ شیراز محمود، شوکت علی بھٹی، حیدر علی خان، ثناء اللہ خان مستی خیل، محمد یعقوب شیخ، اورنگزیب خان کھچی اور جنید اکبر کی شرکت۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی ملک محمد عامر ڈوگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں متعلقہ حلقوں میں پارٹی کی تنظیم سازی اور ترقیاتی منصوبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے تمام منتخب عوامی نمائندوں کو ہدایت کی کہ وہ نہ صرف عوام کے ساتھ اپنی رابطہ مہم تیز کریں بلکہ ان کے مسائل کے فوری حل کے لیے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن کو بھی بہتر بنائیں۔