صدارتی نظام مسترد کرتے ہیں ، پی ڈی ایم : پہلے سپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی تجویز
اسلام آباد(خبرنگار،آئی این پی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کی سٹیئرنگ کمیٹی نے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہاہے کہ23 مارچ کے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہ کی جائے کمیٹی نے ای وی ایم کے ذریعے ووٹنگ اور صدارتی نظام کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی نظام ہی ملکی مسائل کا حل ہے جبکہ منی بجٹ کے تحت 350 ارب کا ٹیکہ قوم کو لگایا گیا ، قوم اس سے سنبھلے گی نہیں، اجلاس میں وزیراعظم اور سپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر غور کیا گیا جس کے تحت پہلے مرحلہ میں سپیکر اور ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد تجویز کردی گئی ، اجلاس میں پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس،خفیہ اکائونٹس کا معاملہ بھرپوراندازمیں اٹھایا جائے تاکہ اس کا فیصلہ جلد آجائے، سٹیئرنگ کمیٹی کی ان سفارشات پر غورکیلئے پی ڈی ایم کا سربراہ اجلاس 25جنوری کو منعقدہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ کو ان ہائوس تبدیلی اورلانگ مارچ کے معاملہ پرپی ڈی ایم کی سٹیرنگ کمیٹی کا اہم ورچوئل اجلاس ہوا جس کی صدارت شاہد خاقان عباسی نے کی۔ ایجنڈے کے مطابق لانگ مارچ کی تیاری اور خیبرپی کے کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے پر غور ہوا۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی میں اضافے اور کسانوں و زراعت کے مسائل بھی ایجنڈے کا حصہ تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے بتایا کہ پی ڈی ایم کے سر براہی اجلاس میں سفارشات پر غور کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ سٹیرنگ کمیٹی نے سفارش کی23 مارچ کے لانگ مارچ کی تاریخ تبدیل نہیں ہونی چاہیے۔ پی ڈی ایم ای وی ایم کو مسترد کرتی ہے ۔