رانا شمیم بیان حلفی کیس میں شریف فیملی نے کوئی تردید نہیں کی : فواد چوہدری
اسلام آباد+دبئی(آئی این پی+اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ رانا شمیم بیان حلفی کیس میں شریف فیملی نے کوئی تردید نہیں کی، رانا شمیم نے نواز شریف کے دفتر میں بیان حلفی ریکارڈ کرایا، سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹر پع اپنے ایک بیان میں فواد چودھری نے کہا تمام واقعات ظاہر کرتے ہیں کہ یہ ڈرامہ عدالت پر اثرانداز ہونے کیلئے رچایا گیا۔دبئی سے اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ بھارت کے حوالے سے ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بھارت کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں لیکن مودی کی پالیسیاں اس مقصد کو پورا نہیں ہونے دے رہیں، مقبوضہ کشمیر، مسلمانوں اور اقلیتوں کے لئے مودی کی پالیسیاں ان تعلقات کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کے لئے ہائوسنگ منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلف نیوز کو اپنے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرون ممالک کام کرنے والے پاکستانیوں کے مسائل سنے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جا رہے ہیں۔ بھرپور کوشش کر رہے ہیں کہ آئندہ عام انتخابات میں وہ اپنا ووٹ کاسٹ کر سکیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لئے مخصوص ہائوسنگ منصوبے جلد شروع کئے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کیلئے ہم نے اسلام آباد میں زمین پہلے ہی حاصل کرلی ہے جبکہ کراچی، لاہور اور دیگر بڑے شہروں میں مزید زمین حاصل کرنے کے لئے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان بیرون ممالک مقیم پاکستانیوں کے لئے مخصوص سرمایہ کاری کی سکیموں کا عنقریب آغاز کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان جلد متحدہ عرب امارات کا دورہ کریں گے، متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے، وزیراعظم کے دورہ سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اپنی مستحکم خارجہ پالیسی کی بدولت پاکستان عالمی معاملات میں اپنا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمیں التوا کا شکار تاپی گیس پائپ لائن پراجیکٹ پر کام کرنا چاہئے، اس منصوبہ سے دونوں ممالک میں توانائی کے بحران کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ افغان حکومت پہلے ہی اس منصوبے کی توثیق کر چکی ہے اور ہم اس منصوبے پر کام کیلئے تیار ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغانستان زبوں حالی کا شکار ہے، اقوام متحدہ سمیت عالمی امدادی اداروں کی پیشنگوئی ہے کہ افغانستان میں انسانی بحران سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لئے دنیا کے دیگر ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔گلف نیوز کے دورہ کے حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلف نیوز کے دورہ سے وہ بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ ایکسپو 2020 دبئی میں پاکستانی میوزک اور فلم فیسٹیول کے افتتاح کیلئے آئے۔ ایکسپو 2020 دبئی نے ہمیں اپنی فلم اور میوزک انڈسٹری کو دکھانے کا بڑا موقع فراہم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنی فلم اور موسیقی کی صنعت کو ترقی دینے کے لئے مشترکہ پروڈکشن کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔