مجید نظامی کے قریبی ساتھی‘ سابق جی ایم پبلک ریلیشنز واپڈا رضی الدین شیخ انتقال کر گئے
لاہور (نیوز رپورٹر) سابق جنرل منیجر پبلک ریلیشنز واپڈا برطانیہ میں پریس قونصلر انگلش سپیکنگ یونین کے بانی اور حمید نظامی پریس انسٹی ٹیوٹ کے سابق ڈائریکٹر رضی الدین شیخ 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ برطانیہ میں پاکستان کے پریس قونصلر بھی رہے۔ سوگواران میں بیوہ یاسمین رضی الدین‘ بیٹی ازارہ ممتاز‘ داماد حسن ممتاز اور نواسا احیان ممتاز شامل ہیں۔ وہ دل کے عارضے اور پارکنسن کی بیماری میں مبتلا تھے۔ ان کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئی اور ان کے ایصال ثواب کیلئے دعا آج سہ پہر 4 بجے ان کی رہائش گاہ مکان نمبر 5 فالکن اینکلیو طفیل روڈ لاہور کینٹ میں ہو گی۔ ایم ڈی نوائے وقت گروپ رمیزہ مجید نظامی کی جانب سے بھی انکی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا ہے۔ مرحوم امام صحافت اور معمار نوائے وقت مجید نظامی کے بہت قریبی ساتھی تھے۔ ان کے شاگردوں کی لمبی فہرست ہے۔ انگلش سپیکنگ یونین کے تحت وہ بچوں کے گروپوں کو پوری دنیا میں لیکر گئے اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ وہ سکواش کے بڑے اچھے کھلاڑی تھے اور گورنمنٹ کالج لاہور کے سوئمنگ چیمپئن بھی رہے۔