پی ایس ایل 7 کے ریزرور پول میں تبدیلیوں پر فرنچائزز کو تحفظات
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل 7 کے ریزرور پول میں فرنچائزز نے بغیر اعتماد میں لیے تبدیلیاں کرنے پر تحفظات کا اظہار کردیا۔پی ایس ایل کی ٹیموں کے نمائندوں نے مشاورت سے15 کرکٹرز کے نام پی سی بی کو دیئے تھے ان میں امام الحق، سعود شکیل، زاہد محمود اور عمیر بن یوسف بھی شامل تھے۔ چیف سلیکٹر محمد وسیم نے ان 4 کرکٹرز کو فہرست سے نکال کر عمر امین، خالد عثمان، مصدق اور سلمان علی کو شامل کردیا۔فرنچائزز نے بغیر اعتماد میں لیے تبدیلیوں پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ریزرو پول کی فہرست جاری کرتے ہوئے پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ممکنہ کھلاڑیوں کو تبدیل کیا گیا ہے تاکہ وہ آئندہ ہفتے شروع ہونے والے تربیتی کیمپ میں شریک ہو سکیں۔فرنچائزز کا کہنا ہے کہ ایسا کوئی فیصلہ کرنے کی ضرورت تھی تو ہمیں بتایا جاتا مگر متبادل 4کھلاڑیوں کے ناموں پر مشاورت کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی گئی۔