کرونا پیپلز پارٹی کا ٹریکٹر ٹرالی مارچ آج ، کسانوں کیلئے آواز بلند کرینگے : زرداری
لاہور، اسلام آباد (نامہ نگار، خبرنگار خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر آج 24 جنوری بروز پیر ملک بھر میں ڈویژنل سطح پر پی پی پی کے تحت کسان ٹریکٹر ٹرالی مارچ کا انعقاد ہوگا۔ اس ضمن میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری حیدرآباد شہر میں دوپہر تین بجے سٹیٹ لائف بلڈنگ کے قریب ٹھنڈی سڑک پر حیدرآباد ڈویژن کے مختلف شہروں اور تحصیلوں سے آنے والی ریلیوں کے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری بیان میں سابق صدر زرداری نے کہا کہ خوشحال کسان زرعی طور پر مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، پاکستان پیپلزپارٹی کسانوں سے انصاف کی روایت برقرار رکھے گی۔ کسان ٹریکٹر مارچ کا مقصد کسانوں کے ساتھ ناانصافیوں کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔ کسانوں کیلئے ہر جگہ آواز بلند کریں گے۔ پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضی نے 24جنوری کے ٹریکٹر ٹرالی مارچ کے لیے وسطی پنجاب تنظیم کے عہدیداروں کی ڈیوٹیوںکا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ننکانہ صاحب ضلع میں ثمینہ خالد گھرکی،شیخوپورہ ضلع میں نیلم جبار،قصور ضلع میں چوہدری محمد اسلم گل ٹریکٹر ٹرالی مارچ میں نمائندگی کریںگے۔ سیکرٹری اطلاعات پی پی شازیہ مری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت کے خلاف احتجاج کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گا۔ تمام پاکستانی جو تکلیف میں ہیں وہ اب باہر نکلیں۔ سید یوسف رضا گیلانی کی سربراہی میں لانگ مارچ آرگنائزنگ کمیٹی کا ویڈیو لنک کے ذریعے ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں27 فروری کو ہونے والے پاکستان پیپلزپارٹی کے تاریخی لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ عہدیداروں کو اس حوالے سے سرگرمیاں بہتر کرنے کی ہدایت کی گئی۔