افغان کو گندم فراہمی کیلئے بھارتی معلومات کا انتظار ہے : پاکستان
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ترجمان دفتر خارجہ نے بھارت کی طرف سے واہگہ بارڈر سے افغانستان کو 50 ہزار ٹن گندم بھجوانے کے معاملے پر کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی انسانی امداد بھجوانے کی منظوری دے چکا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے ساتھ تمام تفصیلات شیئر کی ہیں۔ پہلی کھیپ سے متعلق گزشتہ دو ہفتوں سے بھارتی حکومت کی طرف سے معلومات کا انتظار ہے۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت پاکستان کے راستے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم کی امداد افغانستان بھیجے گا۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان سے دو ماہ کی بات چیت کے بعد افغانستان کو زمینی راستے سے بھارتی امداد بھیجنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 50 ہزار میٹرک ٹن بھارتی گندم اٹاری واہگہ بارڈر سے پاکستان بھیجی جائے گی۔گندم کی فراہمی فروری کے دوسرے ہفتے سے شروع ہوگی۔