• news

وزیراعظم مشیروں کے غلط مشورے سے خبردار رہیں: چودھری شجاعت 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم عمران خان کو یہ کہہ رہا ہوں کہ وہ اپنے مشیروں اور سیاسی ترجمانوں کی غلط ایڈوائس سے نہ صرف محتاط بلکہ خبردار رہیں اور یہ دیکھیں کہ وہ کس کی گیم کھیل رہے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان کا یہ بیان کسی دشمن نما دوست نے دیا ہوگا جس میں انہوں نے کہا کہ مجھے اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا، اگر مجھے ہٹایا گیا تو پہلے سے زیادہ خطرناک بن جائوں گا۔ جب عمران خان کو اسمبلی میں بولنے نہیں دیا جاتا تو وہاں بیٹھے مراعات یافتہ ارکان کیا گونگے اور بہرے ہیں جو دوسروں کو عمران خان کے خلاف بولنے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم کسی قسم کے بیان کو درستگی کیلئے کہیں تو ان پڑھ مشیر فوراً عمران خان کے کان میں کہتے ہیں کہ آپ ان کے ساتھ کوئی نرم رویہ اختیار نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ یقین ہونا چاہئے کہ جو لوگ ان کے ساتھ مخلص ہیں ان کے مشورے کو غور سے سنیں نا کہ ان کو اپنا دشمن سمجھیں۔

ای پیپر-دی نیشن