پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت 63 فیصد بڑھ گئی
لاہور (کامرس رپورٹر) پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت بڑھنا شروع ہو گئی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر کے دوران دوطرفہ تجارت میں گزشتہ دسمبر کے مقابلے میں 63 فیصد اضافہ دیکھا گیا۔ سٹیٹ بنک کے مطابق دسمبر میں پاکستان اور بھارت کی باہمی تجارت کا حجم 2 کروڑ 59 لاکھ 44 ہزار ڈالر رہا جو گزشتہ دسمبر کے مقابلے میں 63 فیصد اور نومبر کے مقابلے میں 136 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ دسمبر میں دونوں ملکوں کی باہمی تجارت کا حجم ایک کروڑ 10 لاکھ ڈالر تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق دسمبر کے دوران بھارت سے 2 کروڑ 55 لاکھ 66 ہزار ڈالر مالیت کی اشیاء پاکستان درآمد کی گئیں جبکہ صرف 37 لاکھ 80 ہزار ڈالر کا مال بھارت گیا۔ دسمبر کی دوطرفہ تجارت میں پاکستان کو 2 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کا تجارتی خسارہ ہوا۔