• news

وزیراعظم سڑکوں پر آئیں یا دفتر بیٹھیں عوام کیلئے خطرناک ہیں: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیراعظم کا یہ کہنا کہ مہنگائی کی وجہ سے انہیں رات کو نیند نہیں آتی، مضحکہ خیز اور پریشان و تباہ حال کروڑوں افراد کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔ وہ سڑکوں پر آئیں یا دفتر میں بیٹھیں، دونوں صورتوں میں عوام کے لیے خطرناک ہیں۔ واضح ہوچکا ہے کہ وزیراعظم خود ناکامی کا اعتراف کر رہے ہیں۔ عوام کی نہیں، جانے کی فکر سے ان کی راتوں کی نیند اڑگئیں۔ سونامی، تبدیلی، ریاست مدینہ اور پتا نہیں کون کون سے دعوؤں کے محلات تعمیر کیے گئے۔ ساڑھے تین برس کی کارکردگی پر پی ٹی آئی والے عوام کو منہ دکھانے کے قابل نہیں۔ وزیراعظم کی ٹیم کے استعفے آرہے ہیں، کل تعداد گیارہ ہو گئی۔ چار وزرائے خزانہ بدلے گئے، معیشت نہ سنبھل سکی۔ دو بڑی اپوزیشن جماعتیں معصوم بننے کی کوشش نہ کریں، سب کے سب ایکسپوز ہوگئے۔ سندھ کے عوام کو جاگیرداروں اور وڈیروں کے چنگل سے نجات دلائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں صوبہ سندھ کے ذمہ داران جماعت کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ قوم کو پارلیمانی و صدارتی نظام کی فضول بحث میں الجھایا جا رہا ہے۔ ہمارے پاس متفقہ اسلامی آئین موجودہے۔ اگر آج بھی آئین پر اس کی روح کے مطابق عمل ہو جائے تو پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بننے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ امیر جماعت نے کہا کہ وزرائے اعظم دھمکیاں نہیں دیتے بلکہ اپنی کارکردگی قوم کے سامنے رکھتے ہیں۔ جماعت اسلامی نہیں عالمی ادارے کہہ رہے ہیں کہ پاکستان میں کرپشن میں اضافہ ہوا۔ قوم نے تینوں کو آزما لیا، اب قوم جماعت اسلامی کو موقع دے۔

ای پیپر-دی نیشن