کرپشن کرنیوالے ملک سے فرار حکومت نے بہترین اقدامات کئے عمران
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے بہترین اقدامات کئے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن کے حوالے سے حالیہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ ارکان کو کہا کہ موجودہ حکومت نے کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ اقدامات کئے۔ کرپشن کرنے والے مقدمات کا سامنا کرنے کی بجائے ملک سے باہر بیٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کرنے والے مقدمات میں غیر ضروری التوا کے بہانے بنا رہے ہیں۔ حکومت نے کرپشن کے زیر التوا کیس جلد نمٹانے کیلئے عدالتوں میں مؤثر پیروی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان موجود مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک سری لنکا آزادانہ تجارتی معاہدہ (ایف ٹی اے) کو بروئے کار لاتے ہوئے دو طرفہ تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے سری لنکا کے وزیر تجارت ڈاکٹر بندولا گناوردھنا اور ریاستی وزیر برائے علاقائی تعاون تھراکا بالاسوریا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے وزیر اعظم ہائوس میں ان سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے توقع کا اظہار کیا کہ سری لنکن شہری بڑی تعداد میں مذہبی سیاحت کے لیے پاکستان آئیں گے۔ مزید برآں ذرائع کے مطابق 3 فروری کو وزیراعظم اور 5 وزراء چین جائیں گے۔ وزیراعظم نے وزراء کو دورے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اہم دورہ ہے۔ چین ساتھ جانے والے وزراء کرونا سے متعلق احتیاط برتیں۔ دورہ چین کے دوران مفاہمتی یادداشتوں اور منصوبوں سے متعلق مکمل تیاری کریں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے احساس ہے کہ مہنگائی کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ مشکل میں ہے، لیکن مزدور طبقے کی آمدنی بڑھی ہے۔ موجودہ مہنگائی کی لہر زیادہ دیر نہیں رہے گی۔ پاکستان ہائوسنگ اتھارٹی آفیسرز ریذیڈنشیا اور پی ایچ اے اپارٹمنٹس آئی۔16 تھری اسلام آباد کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تنخواہ دار لوگ بھی گھر خرید سکتے ہیں، بینکوں سے قرضہ لے سکتے ہیں،کرائے کی رقم بینکوں کو قسطوں میں دیکر گھر کا مالک بنا جا سکتا ہے۔ سرکاری ملازمین کیلئے 88 ہزار یونٹس کا منصوبہ زیرتکمیل ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں کمی آئی ہے۔ ملک میں سیمنٹ اور سریے کی ریکارڈ فروخت ہوئی، اس کی قیمتیں کرونا کی وجہ سے بڑھنے کے باوجود تعمیراتی شعبہ اوپر جا رہا ہے۔ کرونا کے دور میں تیزی سے معیشت آگے بڑھ رہی ہے، شرح نمو 5.37 فیصد پر ہے۔ دیہی کاشتکاروں کو ان کی فصل کی ریکارڈ قیمت ملی، ورلڈ بینک کے 4 اشاریے غربت کی کمی کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ پاکستان کا مستقبل درست سمت چل پڑا ہے، بلومبرگ نے آئندہ 10 سال کیلئے پاکستان کی معیشت کو درست راستے پر قرار دیا ہے، اس سے معاشی حالات بہتر ہوتے جائیں گے۔ دوسری طرف وزیراعظم نے پی ایس ایل 7 کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے ہر ٹیم آخری گیند تک لڑے گی۔ پی ایس ایل 7شائقین کو تفریح فراہم کریگا۔ وزیراعظم عمران خان کو بحرینی ہم منصب و ولی عہد سلمان بن حمد نے ٹیلی فون کیا۔ بحرینی ولی عہد نے 20 جنوری کو لاہور انارکلی میں دہشتگردی کے واقعہ کی مذمت کی اور پاکستانی عوام اور قیادت سے اظہار یکجہتی کیا۔ وزیراعظم نے بحرین کی حمایت‘ اظہار ہمدردی اور تعزیت پر ولی عہد سے اظہار تشکر کیا اور ہر قسم کی دہشتگردی کو شکست دینے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم آج اسلام آباد میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کا اجراء کریں گے۔