ٹرانسپرنسی رپورٹ حکومت کیخلاف چارج شیٹ‘ پاکستان ک و رسوا کر دیا: مریم‘ حمزہ
اسلام آباد +لاہور (خبر نگار+نامہ نگار+نمائندہ خصوصی +نوائے وقت رپورٹ) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران حکومت سے زیادہ کرپٹ‘ بدعنوان‘ رشوت خور حکومت پاکستان کی تاریخ میں نہیں آئی۔ موجودہ دور میں صرف چوری اور لوٹ مار کے شعبے میں ترقی ہوئی۔ عوام کی جیبیں خالی کرنے والے عمران مافیا نے دیدہ دلیری سے پاکستان پر ہاتھ صاف کئے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا کرپشن انڈیکس میں پاکستان 140 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ تحریک انصاف کی کرپشن اور لوٹ مار کی بدولت پاکستان دنیا بھر میں رسوا ہو گیا ہے۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی تازہ رپورٹ اس حکومت کے خلاف چارج شیٹ ہے۔ ایک سال میں پاکستان کرپشن انڈیکس میں 16 درجے اوپر چلا گیا ہے۔ گذشتہ سال 124 نمبر والا ملک 140 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ کرپشن کا خاتمہ تو ن لیگ دور میں ہوا جب پاکستان کو 127 ویں درجے سے 117 نمبر پر لے آئے تھے لیکن پاکستان کی تاریخ میں کرپشن کا بازار کبھی اتنا گرم نہیں تھا جتنا اس ٹولے کے دور اقتدار میں ہو گیا ہے۔ کسان ایک ایک بوری کھاد کے لئے لائنوں میں لگنے پر مجبور ہے۔ مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر قوم سے خطاب کرنے کا چیلنج کیا ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب قوم کو بتائیں کہ آٹا، چینی، بجلی، گیس، دوائی کی چوری کی وجہ سے پاکستان میں آج کرپشن بڑھ چکی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کہ کرپشن میں پاکستان کا 16 درجے اوپر جانا حکومتی بیانیئے کو بے نقاب کرتا ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ کرکٹ کے ورلڈ کپ جتوانے والے نے کرپشن کا ورلڈ کپ جتوا دیا۔ آفتاب خان شیر پاؤ نے کہا ہے کہ آج عمران خان کی کرپشن کے خلاف جنگ جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئی۔ نیئر حسین بخاری نے ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل میں کہا ہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے پیپلز پارٹی کی طرف سے عمران خان کو بدعنوان ٹولہ کے سرغنہ قرار دیئے جانے پر مہر تصدیق ثبت کر دی ہے۔ کرپشن کے ریکارڈ قائم کرنے والی ٹیم کے کپتان کو عالمی ادارے سے کرپشن اضافہ کی سند ملی ہے۔ بلاول بھٹو کے ترجمان ذوالفقار علی بدر نے بیان میں کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن میں ہوشربا اضافے کی رپورٹ کے بعد عمران خان کی حکومت کا کوئی جواز نہیں رہ جاتا۔ شازیہ عطا مری نے کہا ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا کہ عمران خان کا کرپشن کے خلاف بیانیہ بھی دھوکا تھا۔