• news

لانگ مارچ ٹاسک دیدیئے حکمرانوں سے جان چھڑائیں گے بلاول

اسلام آباد/ لاڑکانہ (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بنی گالہ کا گھر ریگولرائز ہو سکتا ہے تو غریب کا گھر کیوں نہیں؟۔ یہ نظریے کا فرق ہے۔ آپ کون سا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت ظالم حکومت ہے‘ عوام کی طاقت سے حکمرانوں سے جان چھڑائیں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے لاڑکانہ میں کچی آبادی کو مالکانہ حقوق دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے منتخب ہوکر اپنے گھر کو ریگولرائز کرا لیا۔ اورنگی ٹائون کو ریگولرائز کرانے میں مشکلات پیش آئیں۔ گجر نالہ کو ریگولرائز کرانے میں مشکلات ہیں بنی گالا میں نہیں۔ ظالم حکومت میں غریبوں سے چھت چھینی گئی۔  غریب عوام کو حق دیں گے تو امید ہے کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں 27 فروری کو ہونے والے لانگ مارچ کی تیاریوں کے حوالے سے لاڑکانہ میں اہم اجلاس ہوا۔ ہائبرڈ اجلاس میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور بھی موجود تھیں۔ اجلاس میں لانگ مارچ کی گزر گاہ پر پڑاؤ کے مختلف مقامات سے متعلق حتمی لائحہ عمل تیار کرلیا گیا۔ اجلاس میں  لانگ مارچ کی گزر گاہ میں آنے والے پڑاؤ کے مختلف مقامات پر جلسوں کی تجاویز پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔  اجلاس میں لانگ مارچ کی گزر گاہ میں آنے والے مختلف انتخابی حلقوں کے منتخب اراکین ٹکٹ ہولڈرز اور تنظیمی عہدیداروں کو اہم ٹاسک سونپ دیئے گئے۔ 

ای پیپر-دی نیشن