ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ حکومت کیخلاف فردجرم کرپٹ حکمران استعفی دیں شہباز شریف
اسلام آباد(خبر نگار)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے ،عالمی ادارے کی رپورٹ فرد جرم ہے، کرپٹ حکمران استعفیٰ دیں کیونکہ ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتاعمران نیازی کی وزارت عظمی میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے ،ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کے کرپشن کے عالمی انڈیکس میں پاکستان کا 16 درجے مزید نیچے جانا افسوسناک ہے، دکھ ہے کہ عالمی سطح پر ملک کی بدنامی ہوئی ،وزیراعظم نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی گڈ گورننس، شفافیت اور قانونی اصلاحات سے پاکستان کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی، افسوس موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی ،مسلم لیگ (ن)کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوکر 117 پر آگئی تھی، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی، یوریا، ایل این جی،کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا؟ ،کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں،2019 سے 2021 تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن)کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی ،اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کااثر نیچے نظر آتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ اس امر کا واضح ثبوت ہے کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو،ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے سکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فرد جرم ہے۔