• news

پاکستانی معیشت ترقی‘ کاروباری ماحول میں بہتری آ رہی ہے: چینی پروفیسر 

اسلام آباد (اے پی پی) چین کی ساتھ ویسٹ یونیورسٹی آف پولیٹیکل سائنس اینڈ لا کے وزٹنگ پروفیسر چنگ شی چونگ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان نے مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کومالی سال 21-2020ء میں 5.37فیصد کی شرح نمو حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کی معیشت تیزی سے بحالی اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ یہ  عمران خان حکومت کی قیادت میں بڑی کامیابی ہے۔ انتہائی سنگین وبا اور قدرتی آفات کے دوران پاکستان نے اتنی بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں جس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ حکومت نے وبائی امراض کی روک تھام کے لیے چھوٹے پیمانے پر مئوثر مائیکرو لاک ڈائون، معاشی اصلاحات اور کھلے پن جیسی دانشمندانہ پالیسیاں تسلسل سے نافذ کیں جن میں اجناس کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ، کاروباری ماحول میں مسلسل بہتری، ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی، کاروباری سرگرمیوں میں بہتری اور دیگر محرک اقدامات شامل ہیں۔2021 ء میں چین کی جی ڈی پی میں پچھلے سال کے مقابلے میں 8.1 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی معیشت کی تیزی سے بحالی اور ترقی کاچین کی تیز رفتار ترقی کے اثرات اور خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری کی تعمیر میں پیش رفت کے حوالے سے بھی گہرا تعلق ہے۔ اکانومسٹ نے حالات کو معمول پر لانے کی درجہ بندی شائع کی ہے اور مسلسل تیسری بار پاکستان پہلے تین ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مالی سال2021ء میں نچلی سطح پر ملکی پیدا وار کی ترقی 5.37تک پہنچ گئی ہے جو گزشتہ14 برس میں دوسری بہترین شرح ترقی ہے۔
چینی پروفیسر

ای پیپر-دی نیشن