• news

پر تشددمظاہرین پر کنٹرول کیلئے اینٹی رائٹ شارٹ کورس ضروری ہے:آئی جی

لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس پرتشدد مظاہرین، احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ سے احسن انداز سے نبرد آزما ہونے کیلئے فورس کی استعداد کار میں اضافہ کر رہی ہے تاکہ احتجاجی دھرنوں اور پرتشددمظاہروں والی صورتحال میں سرکاری و نجی املاک اور انسانی جانوں کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جاسکے۔ پر تشددمظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے پولیس افسران و اہلکاروں کا اینٹی رائٹ شارٹ کورس انتہائی ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں سکول آف پبلک ڈس آرڈر اور رائٹ کنٹرول قائم کیا گیا ہے ،جہاں صوبے کے تمام ریجنز اور اضلاع کے افسران واہلکاروں کو مرحلہ وارتربیتی کورس کروایا جائے گا۔ پولیس کے تمام تربیتی اداروں میں فورس کی استعداد کار میں اضافے کیلئے ریفریشر کورسز جاری ہیں اوران جدید تربیتی ریفریشر کورسز میں ہر رینک اور یونٹ کے افسر واہلکار کی شرکت لازم ہے۔ انہوں نے گزشتہ روز پولیس ٹریننگ کالج چوہنگ لاہور میں پہلے اینٹی رائٹ کورس کی اختتامی تقریب کے موقع پر منعقدہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کمانڈنٹ ٹریننگ کالج چوہنگ احمد جمال الرحمن نے آئی جی پنجاب کو بتایا کہ جدید تربیتی کورس میں لاہور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ اور راولپنڈی رینجوں کے 200 افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا ہے۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ ذوالفقار حمید نے آئی جی پنجاب کو یادگاری سووینئر پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن