• news

نوائے وقت، دی نیشن اور کراچی کنگز کا اشتراک عمل جاری

کراچی (قمر خان) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)کی معروف ترین ٹیم کراچی کنگز اورپاکستان کے سرکردہ میڈیا گروپ روزنامہ نوائے وقت ‘دی نیشن پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن میں بھی شانہ بشانہ  ہونگے۔  نوائے وقت دی نیشن  اور کراچی کنگز کے مابین پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن میں اشتراک عمل کا معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق نوائے وقت دی نیشن کراچی کنگز کا پرنٹ میڈیا پارٹنر بنا تھا۔ اس اشتراک عمل کو پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کے لئے بھی توسیع دے دی گئی ہے ۔ پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن کی چیمپئن کراچی کنگز پی ایس ایل7میں بھی ٹائٹل کے لئے فیورٹ ٹیموں میں شامل ہے۔ کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ،  20، ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل فتوحات سمیٹنے والے بابر اعظم  ایک بار پھر کراچی کنگز کی  قیادت کریں گے جبکہ منجھے ہو ئے کوچ پیٹر موریس اس سیزن میں کراچی کنگز کی کوچنگ کررہے ہیں۔ پی ایس ایل 6میں کراچی کنگز کی کپتانی کرنے والے عماد وسیم نے بابر اعظم کی صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کراچی کنگز کی کپتانی انہیں سونپنے کی سفارش کی تھی۔ کراچی کنگز کے مالک سلمان اقبال کا کہنا ہے کہ  ہے کہ کراچی کنگز اے آر وائی کی نہیں پورے پاکستان کی ٹیم ہے اور اس بار ٹیم سے کافی امیدیں ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کے9 شہروں سے بیک وقت شائع ہونے والا روزنامہ نوائے وقت اور انگریزی اخبار دی نیشن کا شمار ذرائع ابلاغ میں موثر اور توانا آواز کے طور پر ہوتا ہے ۔روزنامہ نوائے وقت کو  پاکستان کے  قدیم ترین روزنامہ ہونے کا شرف بھی حاصل ہے جس کا اجراء  بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی خصوصی ہدایت پر 1940  میں قرارداد پاکستان کی منظوری کے موقع پر ہوا۔ تحریک پاکستان کے سرگرم کارکن اور قائد اعظم کے سپاہی حمید نظامی اس کے بانی جبکہ مجید نظامی اس کے معمار ہیں۔ اسلام اور پاکستان کا علمبردار یہ کارواں محترمہ رمیزہ نظامی کی قیادت میں پاکستان کوہر سطح پر ناقابل تسخیر بنانے کی جدوجہد میں اپنا بھر پور کردار ادا کررہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن