27 فروری کو نکل کر اسلام آباد میں جمع کچرا صاف کریں گے: بلاول
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 27 فروری کو نکل کر اسلام آباد میں جمع ہونے والا کچرا صاف کریں گے۔ لاڑکانہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہر شہر کی طرح لاڑکانہ میں میں کچرے کے مسائل تھے۔ پتہ چلا کہ قائد عوام کے دور سے اب تک لاڑکانہ کی آبادی میں اضافہ ہوا جب سے مرتضیٰ وہاب کو کراچی کا ایڈمنسٹریشن بنایا‘ وہاں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ میں گھروں سے کچرا اٹھایا جائے گا۔ عوام تعاون کریں مل کر اپنے شہر کو صاف کریں گے کیونکہ لاڑکانہ کی صفائی شہریوں کے تعاون کے بغیر ناممکن ہے۔ ہر انتظامیہ نے اپنے اپنے علاقے کو صاف رکھنا ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کچھ سیاسی عناصر موجود ہیں جو سازشیں کرتے ہیں۔ ہمیں اپنا کام جاری رکھنا ہے جبکہ 27 فروری کو نکلیں گے۔ اسلام آباد میں جمع شدہ کچرے کو بھی صاف کریں گے۔