کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن : ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائین،سڑکوں پر آنے کا اعلان
لاہور(خصوصی رپورٹر) کنسٹرکٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان نے ایک ہفتہ کی ڈیڈ لائین دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمارے مسائل حل کرے وگرنہ ہم سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں۔ چیئرمین انجینئر کمال ناصر خان نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال چھ ماہ کے دوران ملک بھر میں تعمیراتی سامان کی قیمتوںبالخصوص سٹیل سیمنٹ اینٹ اور دیگر میٹریل میں مجموعی طور پرپچھتر فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس مہنگائی کے باعث یہ انڈسٹری تباہی کی طرف تیزی سے گامزن ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کنٹریکٹرز کو جاری کاموں میں فوری طور پر کنسٹریکشن میٹر یل کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کی شرح سے ریلیف فراہم کیا جائے۔ جب تک مہنگائی کے تناسب ریٹس میں اضافہ نہیں کیا جاتا مسائل حل نہیں ہوں گے۔ اور صنعت انڈسٹری سے جڑی دیگر صنعتیں بھی بند ہو جائیں گی اور اس سے ملک میں نیا بحران پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کنٹریکٹرز نے اپنے کروڑوں روپے انویسٹ کیے ہوئے ہیں۔ چیئرمین کیپ نے کہا کہ ٹھیکیداروں پر لگائی گئی پنالٹیز بھی ختم کی جائیں ۔ افسر ہماری بات ایک کان سے سن کر دوسرے سے نکال دیتے ہیں۔ وہ جان بوجھ کر اس انڈسٹری کو ختم کرنے پر تلے ہوئے ہیں، ہم حکومت کو ایک ہفتے کی مہلت دیتے ہیں کہ وہ ہمارے مسائل حل کرے اگر ہماری اپیل نہ مانی گئی تو سڑکوں پر آنے پر مجبور ہوں گے۔