• news

ملکی ، غیر ملکی کرکٹرزپی ایس ایل میں جوش دکھانے کیلئے تیار 

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی ایس ایل فرنچائز لاہور قلندرز کے فاسٹ بائولر حارث رئوف نے کہا ہے کہ ان کی بائولنگ مڈل اور ڈیتھ اوورز میں آتی ہے ، اس موقع پر بیٹر ہر بال پر شاٹس کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں ، ایسے میں ان کی نظر صرف ایک کام پر ہوتی ہے اور وہ ہے ڈاٹ بالز کرانا۔پی ایس ایل کی تیاریاں زبردست ہیں، شاہین آفریدی بطور کپتان پلان شیئر کررہا ہے کہ کس مائنڈ سیٹ کیساتھ میدان میں اترنا ہے۔ پی ایس ایل کی یہی سوچ ہوگی کہ خود پر بھروسہ کرنا ہے اور ایک دوسرے کو بیک کرنا ہے، ذاتی ہدف یہی ہے کہ ٹیم کیلئے بہتر سے بہتر کریں، پہلا ٹارگیٹ پلے آف کوالیفائی کرنا پھر فائنل میں ٹرافی اٹھانی ہے۔ ڈاٹ بالز کرانے کیلئے اہم ہتھیار یارکر ہے، جس طرح تین سال لاہور قلندرز نے ان کی ترقی میں کردار ادا کیا کبھی فراموش نہیں کرسکتے، اس تمام سفر کی یادیں ہمیشہ ان کیساتھ رہیں گی۔ بابر اعظم نے بطور کپتان بڑا اچھا ماحول بنارکھا ہے، وہ مثال سیٹ کرتا ہے جس کو دیکھ کر ہرکوئی جان مارتا ہے۔ ٹیم میں سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اگر ایک پلیئر براکر رہا ہوتا ہے تو ہر کوئی اسکا مورال بلند کرنے لگتا ہے۔ ٹیم کی سوچ کافی مختلف ہوچکی ہے، ہر کسی کے ذہن میں صرف ایک چیز ہے اور وہ یہ کہ نمبر ون بننا ہے اور سب اس سوچ کے ساتھ گراونڈ میں اترتے ہیں، پلیئنگ الیون اور ڈگ آئوٹ پر بیٹھے کھلاڑی، سب ایک پیچ پر ہیں۔ تین کھلاڑیوں کو آئی سی سی ایوارڈز ملنے سے سب کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے ۔فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کھلاڑی افتخار احمد نے پی ایس ایل کا بہترین آل راونڈر بننے کی خواہش کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 7 جیتنے میں کامیاب رہے گی۔ پاکستان ٹیم میں بھی فنشر کا کردار ادا کررہا تھا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے بھی کوشش ہوگی کہ یادگار اننگز کھیلوں۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے قومی ٹیم میں واپسی کو اپنا ہدف بنالیااور کہا کہ پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی دکھا کر سلیکٹرز کو متاثر کرنا چاہتا ہوں۔ ورلڈ کپ آسٹریلیا میں ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کو تیاری کرنی ہوگی۔ پی ایس ایل کے رواں سیزن میں 145 سے 150 کی رفتار سے بائولنگ کراؤں گا، مجھے 2022 ہی نہیں 2023 کا ورلڈ کپ بھی کھیلنا ہے۔ پشاور زلمی کا سکواڈ متوازن اور میچ وننگ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، شعیب ملک اور کامران اکمل میرے میچ ونر کھلاڑی ہیں۔ پی ایس ایل میں باؤنڈری کافی چھوٹی، مس ہٹ بھی لگے تو چھکا ہوجاتا ہے، باؤنڈری 60 کی بجائے 70 میٹر کی ہونی چاہیے ۔ لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنیوالے افغان سپنر راشد خان پی ایس ایل میں شرکت کرنے کیلئے پْرجوش ہیں۔انہوں نے ٹوئٹر پر پی ایس ایل میں شرکت کو ’نیشنل ڈیوٹی‘ قرار دیااور لکھا کہ ’پی ایس ایل میں شرکت کیلئے بیتاب ہوں۔افغان کرکٹر نے اپنے ٹوئٹ میں لاہور قلندرز کو ٹیگ بھی کیا۔ راشد خان اور بیٹر رحمن اللہ گرباز کراچی پہنچ گئے ہیں۔رحمن اللہ گرباز اسلام آباد یو نائٹیڈکی نمائندگی کریں گے۔دونوں افغان کرکٹرز 3 روزہ آئیسولیشن اور 2 نیگیٹو کرونا ٹیسٹ کے بعد اپنی ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن