فوجداری نظام میں اصلاحات قانون کی حکمرانی کی جانب بڑا قدم ، فواد چودھری
اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ فوجداری نظام میں اصلاحات قانون کی حکمرانی کی جانب بڑا قدم ہے، عدلیہ اور وکلا برادری فوجداری قوانین اور نظام انصاف میں اصلاحات پر عمل درآمد کرائیں، بار ایسوسی ایشنوں کے لئے فنڈز کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے گا، وکلا برادری کے مسائل سے آگاہ ہیں، ان کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو ڈسٹرکٹ بار راولپنڈی، ڈسٹرکٹ بار جہلم، ہائی کورٹ بار ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ بار ایبٹ آباد، ڈسٹرکٹ بار مانسہرہ اور تحصیل بار حویلیاں کے وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت وکلا برادری کے مسائل سے آگاہ ہے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان وکلا کو چیمبرز کی تعمیر کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت سستے قرضے فراہم کئے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ بار جہلم سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جہلم کو موٹر وے سے ملایا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ 44 ارب روپے کی لاگت سے جلال پور کینال پراجیکٹ پر کام جاری ہے، للہ تا جہلم دو رویہ سڑک کے منصوبے پر کام کا آغاز ہو گیا ہے، سنگھوئی سے مصری موڑ اور للہ سے پنڈ دادنخان تک سڑک اس سال جون میں مکمل ہو جائے گی۔ وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کیبل پر ایچ ڈی نہ دیکھنے والے لوگ بھی نئی ٹیکنالوجیز سے آشنا ہوں گے، تین سے پانچ ماہ میں تمام بڑے شہروں کے کیبل مکمل ڈیجیٹل ہو جائیں گے۔