منی لانڈرنگ کیس، شہباز شریف، حمزہ کی 2 فروری تک عبوری ضمانت منظور
لاہور (اپنے نامہ نگار سے+ نوائے وقت رپورٹ) سپیشل جج سنٹرل نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 2فروری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا۔ عدالت نے 2فروری تک عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے 2،2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ یاد رہے کہ بنکنگ عدالت سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی عبوری ضمانت بھی منظور کی گئی تھی تاہم ایف آئی اے کے مئوقف کو تسلیم کئے جانے کے بعد کیس کو سپیشل سنٹرل جج کے روبرو پیش کر دیا گیا ہے۔ دریں اثناء احتساب عدالت نے شہباز شریف اور ان کے خاندان کے خلاف رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 7 فروری تک ملتوی کر دی۔ حمزہ شہباز عدالت میں پیش ہوئے جبکہ شہباز شریف عدالت کے باہر گاڑی میں موجود رہے۔ شہباز شریف کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میرے مئوکل باہر گاڑی میں موجود ہیں۔ عملہ بھجوا کر تصدیق کی جا سکتی ہے۔ عدالتی عملے نے باہر جا کر شہباز شریف کی حاضری مکمل کرائی۔ علاوہ ازیں حمزہ شہباز نے کہاہے کہ جس طرح عمران نیازی نے جھوٹ بولے وہ سب عوام کے سامنے آگئے ہیں لوگوں کے گھر گرا دیئے اپنا گھر لیگل کرا لیا۔ میں اور میرے والد 150 سے زائد پیشیاں بھگت چکے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے دور میں کرپشن کم کرکے ہم ایک سو سترہ پر لے کر آئے۔ شہباز شریف نے اربوں روپے کے منصوبے بنائے، کسانوں کو چار سو ارب کا پیکج ملا۔ عمران نیازی آپ کو بتا رہا ہوں کہ کان کھول کر سن لو اپوزیشن نے جتنی پیشیاں بھگتنی تھیں بھگت لیں اب آپکی باری ہے، عوامی عدالت میں پیشی کا وقت آگیا ہے۔