آزاد عدلیہ نہ ہونے کا سب سے زیادہ نقصان پیپلز پارٹی کو ہوا : بلاول
اسلام آباد‘لاڑکانہ (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد عدلیہ نہ ہونے کا ملک میں سب سے زیادہ نقصان پیپلزپارٹی کو ہوا ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین سے ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کے نومنتخب عہدیداروں اور پیپلز لائرز فورم کے نمائندوں نے ملاقات کی۔ بلاول نے پی ایل ایف کی حمایت سے جیتنے والے لاڑکانہ بارکے عہدیداروں کو مبارک دی اور ڈسٹرکٹ بار لاڑکانہ کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں پیپلزپارٹی کے شانہ بشانہ جمہوری جدوجہد کی ہے۔ بھٹو قتل کیس کا ریفرنس آج تک التواء کا شکار ہے، اگر ملک میں آئین کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف نہیں مل سکتا تو عام آدمی کو کیسے انصاف ملے گا۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے ملتان یونین آف جرنلسٹس کے نومنتخب صدر ملک شہادت حسین‘ جنرل سیکرٹری مظہر خان اور جوائنٹ سیکرٹری ملک امجد حسین سمیت تمام کامیاب عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یقین ہے نومنتخب عہدیداران ملک میں آزادیِ اظہار و صحافت پر حکومت کی جانب سے جاری حملوں کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ حقیقی جمہوریت کے بغیر پاکستان میں آزادیِ صحافت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔