بلوچستان : دہشتگردوں کا حملہ ، 10 جوان شہید
کوئٹہ، اسلام آباد، فیروز والا (بیورو رپورٹ+ خبر نگار خصوصی+نامہ نگار) بلوچستان میں دہشتگردوں کیساتھ لڑائی میں پاک فوج کے 10 جوان وطن پر قربان ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے حملہ کیا، حملہ 25 اور 26 جنوری کی درمیانی شب کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 10 جوان شہید ہو گئے جبکہ ایک دہشتگرد ہلاک ہوا اور متعدد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔ کلیئرنس آپریشن ابھی تک جاری ہے جو کہ ملزمان کو انجام تک پہنچانے کے لیے جاری رہے گا۔ سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ 25 اور 26 جنوری کی رات کو ہوا۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم عمران خان نے کیچ بلوچستان میں پاک فوج کے 10 جوانوں کی شہادت پر گہرے غم و رنج کا اظہار کیا۔وزیر اعظم کا شہدا کے لواحقین سے اظہار ہمدردی،انہوں نے کہا کہ جوانوں کے خون کا ایک ایک قطرہ ملک کے تحفظ کا ضامن ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بزدل دشمن کا ایک مظبوط قوم سے سامنا ہے جس نے پہلے بھی دہشتگردی کو شکست دی ہے۔ بلوچستان میں دہشت گردوں کیخلاف لڑتے ہوئے شہادت پانے والا پاک آرمی کا جوان رانا فرحان سلہری کا نماز جنازہ جی ٹی روڈ کی آبادی معراج ٹاؤن میں ادا کردی گئی۔ شہید نوجوان جی ٹی روڈ ریحان پورہ (کالا شاہ کاکو) کا رہائشی تھا، جس کی نماز جنازہ میں پاک فوج اور سول سوسائٹی کے سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔ پاک فوج کے جوانوں نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ، وزیر اعظم عمران خان، صدر عارف علوی اور دیگر اعلیٰ فوجی افسران کی طرف سے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔