• news

جماعت اسلامی خواتین کا مہنگائی کیخلاف غازی چوک پر مظاہرہ 

لاہور (خصوصی نامہ نگار/لیڈی رپورٹر) خواتین کو درپیش مسائل او رمہنگائی و بیروزگاری کیخلاف جماعت اسلامی شعبہ خواتین کے زیر اہتمام غازی روڈ چوک پراحتجاجی مظاہرہ کیاگیا جس کی قیادت ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں،زر افشاں فرحین،سلمی وقاص سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے کی۔احتجاجی مظاہر ے میں امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد، حافظ لئیق اورصدر رابطہ امورخواتین نظم لاہور وسیم اسلم قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ خواتین اور بچوں نے پلے کارڈ اٹھائے گیس لوڈشیڈنگ اور مہنگائی و بے روزگاری کے خلاف نعرے بازی کی۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مظاہرین سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں نے پاکستان کو مہنگائی میں ایشیا کا نمبر ون ملک بنادیا ہے۔وزیر اعظم کا 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا جھوٹ پوری قوم اچھے سے جان چکی۔ کرپشن ختم کرنے کے دعویدارحکمرانوں کی حکومت میں تاریخی کرپشن اور لوٹ مار کا بازار گرم ہے۔ ناظمہ حلقہ خواتین لاہور ڈاکٹر زبیدہ جبیں،زرافشاں فرحین،سلمی وقاص سمیت دیگر خواتین رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کوانسانی بنیادی حقوق فراہم کیے بغیر معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ لا ہور کی خواتین سوئی گیس، صاف پانی کی عدم فراہمی اور بڑھتی مہنگائی و بے روزگاری سے مشکلات کا شکار ہیں۔ تحریک انصاف کی تبدیلی نے سب سے زیادہ گھریلو عورتوں کو متاثر کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن