• news

ناقص کارکردگی:پی ٹی آئی بلدیاتی انتخابات  میں ناکام ہو گی

تجزیہ: محمد اکرم چودھری
پاکستان تحریک انصاف کارکردگی کی بنیاد پر بلدیاتی انتخابات میں ناکام ہو گی۔ پی ٹی آئی میں کچھ لوگ اب بھی صرف زبانی جمع خرچ سے کام چلاتے ہوئے عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بدقسمتی ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بھی سمجھتے ہیں کہ حکومت نے ڈلیور کیا ہے۔ آنے والے دنوں میں جب بلدیاتی انتخابات ہوں گے تو ایک نئی تاریخ رقم ہو گی، پی ٹی آئی کو امیدوار ملنا مشکل ہو جائیں گے۔ لوگوں کو زبردستی ٹکٹ دیے جائیں گے۔ کوئی ٹکٹ لینے کے لیے تیار نہیں ہو گا۔ یہ بھی ممکن ہے کہ ٹکٹ لینے والے آزاد امیدوار کی حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں۔ خیبر پی کے میں تو ٹکٹوں کی غلط تقسیم پر انکوائری ہوئی تھی جب پنجاب میں انتخابات ہوں گے تو کارکردگی کی حقیقت بھی کھل کر سامنے آئے گی۔ بلند بانگ اور جھوٹے دعووں کی اصلیت بھی سامنے آ جائے گی۔ خود پسندی کا شکار پی ٹی آئی کے تمام خود ساختہ عوامی خدمت گاروں کو معلوم ہو جائے گا کہ جس کمزور طبقے کو ساڑھے تین سال تک نظر انداز کیا وہ انتخابات میں بدلہ لے گا۔ بالخصوص جنوبی پنجاب کے وسائل سے محروم افراد کو مخدوم خسرو بختیار کا شدت سے انتظار ہے۔ وہ جنوبی پنجاب محاذ کے صدر تھے انہوں نے جنوبی پنجاب کے لوگوں کی معصومیت سے فائدہ اٹھایا اور حکومت میں شامل ہونے کے بعد اپنے ووٹرز کو بھول گئے۔ خسرو بختیار نے جنوب کے لوگوں کی عزت نفس کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ ووٹرز کو تو نظر انداز کیا اس کے ساتھ ساتھ جنوبی محاذ کے لوگوں سے بھی ملاقات نہیں کی۔ اسی طرح شہری علاقوں میں جہاں جہاں پی ٹی آئی کامیاب ہوئی تھی وہاں وہاں انہیں شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔ حکومت اعلان کرے حکومت کے کھلاڑی اس کے خلاف نظر آئیں گے۔ جناب وزیراعظم اپنے بلدیاتی انتخابات کے میچ کا اعلان کریں اور اپنے کھلاڑیوں کو میدان میں اتاریں تصویر کا وہ رخ آپکے سامنے آئے گا جسے نہ آپ دیکھنا چاہتے ہیں نہ آپکی کابینہ میں کسی کو جرات ہے کہ وہ تصویر کا یہ رخ آپ کے سامنے رکھے۔ خیبر پی کے میں تو ٹکٹوں کی غلط تقسیم کے نام پر حقائق چھپانے کی کوشش ہوئی ہے لیکن ہر جگہ یہ ممکن نہیں ہے۔ انتخابات میں ووٹرز اپنے ووٹ کے ذریعے پی ٹی آئی کی ناقص پالیسیوں اور غلط فیصلوں پر اپنا فیصلہ سنائیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن