• news

نیب پاکستان اعلی ادارہ، انسداد بدعنوانی کیلئے کوششیں قابل تعریف،  عالمی اقتصادی فورم  


اسلام آباد (نا مہ نگار) پاکستان نے بدعنوانی کے خاتمے،انسانی وسائل کی ترقی، ماحولیات کے تحفظ، صحت کی یکساں خدمات کی فراہمی اور تخفیف غربت کا پروگرام شروع کر کے عالمی لیڈرشپ کا مظاہرہ کیا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم نے انسداد بدعنوانی کیلئے نیب کی کوششوں کوسراہا ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق نیب پاکستان کا انسداد بدعنوانی کا اعلی ادارہ ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ کے دور میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے کئی اقدامات کئے گئے ہیں جس کے نتائج آنا شروع ہو گئے ہیں۔ نیب نے 2021 کے دوران30 ہزار 405 شکایات پرکارروائی کی۔1681شکایات کی جانچ پڑتال،1326 انکوائریاں اور 496 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی جبکہ 2020 میں بلواسطہ اور بلاواسطہ طور پر 323 ارب روپے ریکور کئے جو کہ گزشتہ برسوں کے مقابلے میں نیب کی شاندار کارکردگی ہے۔ نیب کی موثر آگاہی مہم کی وجہ سے لوگ اب بدعنوانی کے مضر اثرات سے زیادہ واقفیت رکھتے ہیں۔ پاکستان مسابقتی رپورٹ مشال پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی ہے جو کہ پاکستان میں عالمی اقتصادی فورم کا شراکتی ادارہ ہے۔ عالمی اقتصادی فورم کے اس سروے میں اہم سماجی ومعاشی پہلوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔اس سروے میں پاکستان کا سکور148اعشاریوں کو ظاہر کرتا ہے۔اس سروے سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے مستقبل پر مبنی پالیسیوں اور سوچ میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں۔حکومت کے کم مدتی اور طویل مدتی سوچ میں بہتری آئی ہے۔جوکہ گزشتہ سال 3.88 اور رواں سال 4.42 ہے۔ پاکستان کی اعلی قیادت کی ذاتی دانشمندی کے باعث پاکستان کے بارے میں رائے عامہ تبدیل ہوئی ہے۔پاکستان نے احساس پروگرام کے ذریعے سماجی سرمایہ کاری اور انسانی عظمت پر زور دے کر عالمی لیڈرشپ کا کردار ادا کیا ہے۔پاکستان نے کرونا وائرس کا حل سمارٹ لاک ڈائون تلاش کیا ہے۔ پاکستان اس سوچ کا بانی ہے۔حکومت نے عوام کے لئے صحت کارڈ کا اجرا کیا۔ ماحول دوست اقدامات کے تناظر میں کلین اینڈ گرین پاکستان خطے کی تاریخ میں بے مثال ہے۔

ای پیپر-دی نیشن