دہشتگردحوصلے پست نہیں کر سکتے،بلدیاتی الیکشن میں مضبوط امید وار لائینگے،عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بلوچستان کے علاقے کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہید جوانوں کی وطن عزیز کیلئے قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور ہماری تمام تر ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ شہداء نے وطن عزیز کے امن کیلئے اپنا آج قربان کیا۔ شہداء ہمارا سرمایہ ہیں۔ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے۔ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ دشمن پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کر نے کی سازش کر رہا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ساڑھے 3 گھنٹے طویل مشاورتی اجلاس وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں پارٹی امور اور بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ‘ مختلف آپشنز پر تفصیلی غورکیا گیا۔ شرکاء نے بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے آراء پیش کیں۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے یکسو ہے۔ جماعتی بنیادوں پر الیکشن سے حقیقی قیادت نچلی سطح پر سامنے آئے گی اور براہ راست الیکشن سے بلدیات کی سیاست میں حقیقی تبدیلی رونما ہوگی۔ تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کے لئے مضبوط امیدوار میدان میں اتارے گی۔ ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ تحریک انصاف کی حکومت کا فلاح عامہ کیلئے تاریخ ساز اقدام ہے اور پاکستان کی تاریخ میں ایسے بے مثال پروگرام کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ اب تک یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے تحت 4 ڈویژن کے 287منتخب شدہ ہسپتالوں سے ایک لاکھ سے زائد افراد مفت علاج کرا چکے ہیں۔ ان شہریوں کے علاج معالجے پر تقریباً 2ارب 17کروڑ روپے حکومت نے ادا کئے ہیں۔ انشاء اللہ مارچ کے آخر تک پنجاب کے تمام خاندان اس پروگرام کے تحت سالانہ10لاکھ روپے تک کے مفت علاج کے اہل ہونگے۔ بہاولپور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان اور سرگودھا ڈویژن میں 2 ماہ کے اندر ’’نیا پاکستان قومی صحت کارڈ‘‘ کا اجراء مکمل ہو جائے گا۔ عثمان بزدارنے سوئی میں باردودی سرنگ کے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے اور دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے ملتان میں اغوا کے بعد 5 سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ زیرحراست ملزم کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔