پنجاب خیبر پی کے میں ایک تحصیل دکائیں جہاں کینسر،گردوں،جگر کا مفت علاج ہو:بلاول
گمبٹ (این این آئی، نامہ نگار، نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنس گمبٹ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی حکومت کو چیلنج دے دیا۔ خیرپور میں بلاول بھٹو زرداری نے گمبٹ انسٹیٹیوٹ میں ریپڈ رسپانس سینٹر، نیوکلیئر میڈیسن کینسر کیئر ریسرچ سینٹر اور ہیماٹولوجی اینڈ بون میرو ٹرانسپلانٹ سینٹر کا افتتاح کیا۔ تقریب سے خطاب میں بلاول نے چیلنج دیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کوئی ایک تحصیل بتادیں جہاں کینسر، گردے اور جگر کا مفت علاج ہو رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب، بلوچستان اور کے پی کے سے بھی افراد گمبٹ آکر ٹرانسپلانٹ کروا کے گئے ہیں۔ بلاول نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی کے وسیلہ صحت کارڈ کا نام بدل کر صحت انصاف کارڈ رکھ دیا ہے، نقل کیلئے بھی عقل کی ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو زرداری گزشتہ شب لاہور پہنچ گئے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری، بلاول ہاؤس بحریہ ٹاؤن لاہور میں چند روز قیام کریں گے اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ بلاول بھٹو زرداری پنجاب کی پارٹی قیادت اور رہنماؤں سے پیپلز پارٹی کے 30جنوری کے جلسہ سیال شریف اور 27 فروری کو لانگ مارچ کے حوالے سے تبادلہ خیال اور لائحہ عمل طے کریں گے۔ دریں اثناء ایک ٹویٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بون میرو ٹرانسپلانٹ، کینسر ٹریٹمنٹ، ایمرجنسی ریپڈ رسپانس ٹراما سنٹرز کے افتتاح کیلئے سندھ کے گمبٹ میں دوبارہ آمد ہوئی۔ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ پہلے ہی دل، جگر اور گردے کے مفت علاج کی فراہمی میں کافی شہریت کا حامل ہے۔ میں نے جن شعبہ جات کا افتتاح کیا وہ بھی تمام پاکستانیوں کیلئے سو فیصد مفت علاج فراہم کریں گے۔