حکمرانوں کیلئے ٹرانسپرنسی کی رپورٹ چارج شیٹ ہے: چودھری اختر
کامونکی ( نمائندہ خصوصی ) کرپشن فری پاکستان کا نعرہ لگا کر حکومت میں آنے والوں کے لیے ٹرانسپرنسی رپورٹ چارج شیٹ کی حیثیت رکھتی ہے۔ان خیالات کا اظہار ایم پی اے چودھری اختر علی خاں،سینئر مسلم لیگی رہنما شیخ آصف بشیر پیٹالوی،محمد اسلام مغل،شاہد رفیق اعوان اور حافظ عبدالرحمن نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے کرپشن میں 16درجے ترقی کا سفر طے کر لیاہے۔ وزیراعظم کا یہ کہنا بھی درست ثابت ہو گیا ہے کہ وہ ملک کے لیے خطرناک ہیں پاکستان کو معاشی طور پر اتنا نقصان 74سالوں میں نہیں ہوا جتنا انہوں نے ساڑھے تین برسوں میں کر دکھایا ہے۔حکمرانوں کی طفل تسلیوں سے عوام کا پیٹ بھرنے والا نہیں،حکومت عوام کو جیتے جی مار رہی ہے، ناکام حکومتی پالیسیوں نے ہر شہری کو پریشان کر رکھا ہے، آئے روز بجلی گیس اور آئل مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جارہا ہے جس سے مہنگائی شدید بڑھ گئی ہے اور اشیا ضروریہ عام شہری کی پہنچ سے دور ہوتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔