• news

تعلیم قرآن و حدیث کی عکاس ہونی چاہیے:الطاف حسین لنگڑیال

لاہور ( لیڈی رپورٹر) تنظیم اساتذہ پاکستان کے مرکزی صدر ڈاکٹر الطاف حسین لنگڑیال نے لاہور میں نیشنل ایسوسی ایشن فار ایجوکیشن نافع کے زیر اہتمام منعقدہ تعمیر سیرت  کیمپ سے خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک مسلمان معاشرے میں تعلیم وتربیت کے تمام مراحل قرآن و حدیث کے عکاس ہونے چاہیے۔ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے مگر بدقسمتی سے اس میں قائم سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کی اکثریت دینی تعلیم وتربیت سے کوسوں دور ہے۔ معاشرے کی موجودہ زبوں حالی کی بڑی وجہ نظام تعلیم اور نصاب تعلیم کانظریہ پاکستان سے متصادم ہونا ہے۔ تعلیمی اداروں سے اعلیٰ ڈگریوں کے حامل نوجوانوں کی اکثریت معاشرے میں بگاڑ کا باعث ہے۔ بدعنوانی، رشوت اور سفارش عروج پر ہے۔ میرٹ، عدل وانصاف اور اخلاقیات کا جنازہ نکل چکا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ نظام اور نصاب تعلیم کو نظریہ پاکستان سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ آج کے بچے مستقبل میں پاکستان کے مفیدترین شہری بن کر ملک وقوم کی حفاظت اور ترقی وعروج کا باعث بن جائیں۔ اس موقع پر تنظیم اساتذہ پاکستان کے سابق صدر پروفیسر ڈاکٹر میاں محمد اکرم اور پنجاب کے پریس سیکرٹری عبدالرزاق باجوہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ای پیپر-دی نیشن