جنوبی پنجاب صوبہ، ن لیگ، پی پی نے خط کا جواب نہیں دیا: شاہ محمود
ملتان (نمائندہ نوائے وقت)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا قیام تحریک انصاف کے منشور کا حصہ ہے۔صوبے بنانے کیلئے ہمارے پاس دو تہائی اکثریت نہیں۔ عمران خان کی ہدایت پر پی پی‘ ن لیگ دونوں جماعتوں کی قیادت کو خط لکھے کہ آئیں اور مل بیٹھ کر صوبہ کی تشکیل کیلئے بات چیت کریں۔ ابھی تک دونوں جماعتوں کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا۔ پی پی، ن لیگ اپنے دور اقتدار میں صوبہ تو در کنار سیکرٹریٹ بھی نہ بنا سکے۔ہم نے سیکرٹریٹ بنا کر جنوبی پنجاب صوبے کی بنیاد رکھ دی ہے۔جسے کوئی بھی رول بیک نہیں کرسکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان میں این اے 156 کی مختلف یونین کونسلوں میں استقبالیہ تقریبات سے خطاب اور وفود سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا اپوزیشن میں بیٹھے مایوس لوگ کبھی صدارتی نظام‘ کبھی عدم اعتماد اور کبھی اسمبلیوں کے خاتمے کی قیاس آرائیاں کرتے ہیں۔تحر یک انصاف کی حکومت آئینی مدت پوری کر یگی اور آنے والا وقت بھی تحریک انصاف کا ہے۔ حکومت کیلئے ایک بہت بڑا چیلنج ہے۔ مہنگائی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں جلد ہی اس پر قابو پا کر عوام کے سامنے سروخرو ہونگے۔انہوں نے کہا ملک سے کرپشن کا خاتمہ اور لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی وزیراعظم عمران خان کامشن ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کرپشن سے پاک نظام کا قیام چاہتی ہے اور یہ صرف اسی صورت میں ممکن ہے جب ملک کا حکمران دیانتدار اور ایماندار ہو، وزیراعظم عمران خان خلوص نیت اور دیانتداری سے ملکی ترقی کیلئے کوششیں کررہے ہیں۔ ملک اور قوم کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنا پڑے جس کے دورس نتائج سامنے آئیں گے۔