• news

معید یوسف کی ملاقاتیں : اپنی سرزمین کسی کیخلاف استعمال نہیں ہونے دینگے

اسلام آباد، کابل (خصوصی نامہ نگار، آئی این پی‘ نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی معید یوسف نے بین الوزارتی وفد کے ہمراہ کابل کا دورہ کیا۔ معید یوسف نے نائب عبوری وزیراعظم ملا عبدالسلام متقی اور افغان عبوری وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات کی۔ افغانستان کی موجودہ صورتحال، تجارتی فروغ، برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، افغانستان کی انسانی امداد اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ دورے کے آغاز میں مشیر قومی سلامتی نے افغانستان کے وزیر خارجہ عامر خان متقی سے نتیجہ خیز ملاقات کی۔ عبوری افغان نائب وزیراعظم عبدالسلام متقی نے ملاقات میں کہا کہ افغان سرزمین کسی کیخلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ معید یوسف نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کے ساتھ کھڑا ہے حمایت جاری رکھیں گے۔ معاشی تعلقات کے بغیر امن و استحکام ممکن نہیں۔ عبدالسلام حنفی نے کہا کہ 'امارت اسلامی افغانستان کی پالیسی واضح ہے کہ ہم کسی کو بھی اپنے ہمسائیوں اور دیگر ممالک کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ ہم اسی طرح کے اقدامات کا دوسروں سے بھی توقع رکھتے ہیں۔ طالبان حکومت کی جانب سے افغان سرزمین کسی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کی یقین دہانی پاکستان پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے حملوں کے بعد کرائی گئی ہے۔ عبدالسلام حنفی سے ملاقات کی، پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات مضبوط کرنے، تجارت، ٹرانزٹ اور رابطہ کاری بہتر کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس حوالے سے صدارتی محل سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عبدالسلام حنفی نے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں توانائی، کان کنی اور زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری کریں۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور رابطوں میں توسیع پر گفتگو کی جبکہ تجارت، ٹرانزٹ اور علاقائی منصوبوں پر عمل در آمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ افغان نائب وزیر اعظم  نے کہا  پاکستان اور افغانستان پڑوسی اور برادر اسلامی ممالک ہیں، افغان مہاجرین کی میزبانی اور تعاون پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان سمیت خطے کے ہر ملک کے ساتھ دو طرفہ احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں جس سے تجارت اور ٹرانزٹ کے شعبوں میں توسیع ہو۔ افغان نائب وزیر اعظم نے بڑے علاقائی منصوبوں ٹاپی، ٹاپ، کاسازر اور آہنی پٹڑی کے منصوبوں کی جلد تکمیل پر زور دیا۔ معید یوسف نے اقتصادی رابطوں میں گہرائی کے بغیر خطے میں امن واستحکام نہیں آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن