• news

کرونا، 27 اموات، شرح11.13 فیصد،پشاور میں پرائیویٹ ہسپتال بند کرنیکی سفارش

اسلام آباد،راولپنڈی ، کراچی (خبر نگار+جنرل رپورٹر+ بیورو رپورٹ+ این این آئی)  نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق پاکستان میں کرونا وائرس کے مزید 7963 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 27 مریض زندگی کی بازی ہار گئے2062 مریض شفایاب ہو گئے۔پاکستان کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 43 ویں نمبر پر آگیا۔ کرونا کیسز کی شرح11.13فیصد ریکارڈ ،پاکستان بھر میں اب تک 29 ہزار 219 کرونامریض انتقال کر چکے ہیں۔ملک بھر میں ہسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کرونا وائرس کے 1 لاکھ 4 ہزار 95 زیرِ علاج مریضوں میں سے 1 ہزار 375 کی حالت تشویش ناک ہے، کْل 17 کروڑ 40 لاکھ 85 ہزار 175 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں، 8 کروڑ 7 لاکھ 48 ہزار 105 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے جبکہ 22 لاکھ 42 ہزار 425 افراد بوسٹر ڈوز لگوا چکے ہیں۔پشاور میں کرونا وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 24گھنٹوں میں 5 ، شرح  28 فیصد ہو ہو گئی ہے جبکہ کرونا وائرس کے باعث نئی پابندیاں لگانے کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو سونپ دیئے گئے ہیں جبکہ صوبے میں مزید تعلیمی ادارے آئندہ ہفتے کے دوران بند کر دیئے جائینگے ۔ کرونا کیسز میں تیزی سے اضافہ کے باعث پرائیویٹ ہسپتالوں ، کلینکس جزوی طور پر بند کرنے کے بارے میں سفارشات طلب کر لی گئی ہیں۔پیر کواجلاس میں اس کا فیصلہ کر دیا جائے گا سرکاری دفاتر میں پچاس فیصد حاضری کرنے کا فیصلہ کیا ہے پہلے مرحلے میں محکمہ ایکسائز میں اس فیصلے پر عمل درآمد شروع کردیا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں دیگر محکموں میں بھی پچاس فیصد حاضری کر دی جائیگی، پشاور سمیت صوبے کے مختلف دیگر اضلاع میں سمارٹ لاک ڈائون کی سفارشات بھی کی گئی ہیں ۔ کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں وکیل اور پولیس افسر سمیت چار افراد کرونا وائرس کی مہلک وبا میں مبتلا ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موؤمنٹ کے ٹارگٹ کلر رئیس عرف مما کے مقدمات کی پیروی کرنے والا پراسیکیوٹر سعادت علی کرونا میں مبتلا ہوئے، کراچی میں مثبت کیسز کی شرح کمی کے بعد 21 فیصد ہو گئی مظفر آباد میں 25‘ نوشہرہ میں 23 فیصد‘ اسلام آباد 19‘ لاہور 17‘ کوئٹہ 12‘ حیدر آباد میں  شرح 14 فیصد ہے۔ راولپنڈی میں مزید 17سکول و کالجز کو سربمہر کر دیا گیا ہے جو ایس او پیز کے بعد 8 فروری کو کھولے جائیں گے اور اب تک ضلع بھر میں 79 تعلیمی اداروں کو سربمہر کیا جاچکا ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن