خان صاحب آپ سے خطرہ نہیں، پہلے کچھ سمجھانہ اب سمجھتے ہیں: فضل الرحمن
اسلام آباد، لسبیلہ (نوائے وقت رپورٹ، آئی این پی) حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب ! ہمیںآپ سے کوئی خطرہ نہیں۔آپ کو پہلے کچھ سمجھا نہ اب سمجھتے ہیں۔ لسبیلہ میں کنونشن میں حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم جب حق کی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں آپ کا سیاست میں کیا کام ہے، عمران خان کبھی کہتے ہیں پاکستان میں چین جیسا نظام لے کر آئیں گے۔ کبھی کہتے ہیں ایران جیسا انقلاب ہونا چاہیے تو کبھی ریاست مدینہ کی بات کرتے ہیں۔ ان کی شکلیں دیکھو اور ریاست مدینہ کی باتیں دیکھو۔ دریں اثناء ذرائع کے مطابق سینٹ سے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری کے بعد پی ڈی ایم نے غیر حاضر سینٹرز سے جواب طلبی پر غور شروع کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق بل کی منظوری پر فضل الرحمن خاصے برہم ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ اکثریت کے باوجود سینٹ سے سٹیٹ بینک ترمیمی بل کی منظوری اپوزیشن کی ناکامی ہے۔مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے غیر حاضر اراکین سے جواب طلبی کی جائے جس کے بعد مشاہد حسین سید، طلحہ محمود اور نزہت صادق سمیت دیگر سینٹرز کو نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بل کی منظوری پر فضل الرحمن پیپلز پارٹی پر اس کے مشکوک کردار پر بھی ناراض ہیں۔(ن) لیگ نے سینٹ میں شکست کی ذمہ داری بطور اپوزیشن لیڈر یوسف رضا گیلانی پر ڈال دی ہے جب کہ پارلیمنٹ کے اندر پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کا تعاون ختم کرنے کی بھی تجویز پر غور کیا جارہا ہے۔