• news

اینٹی کرپشن کوڈ‘ عمل نہ کرنے پر معافی چاہتا ہوں :ذیشان ملک 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)ذیشان ملک کی پابندی 13 جنوری 2022 کو ختم ہوگئی تاہم مسابقتی کرکٹ میں واپسی کیلئے ذیشان ملک کو پی سی بی سکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تیار کردہ ری ہیب پروگرام میں شرکت کررہے ہیں۔ذیشان ملک نے کہا کہ میں پی سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ پر عمل نہ کرنے پر اپنے تمام ساتھیوں، ساتھی کرکٹرز اور سپورٹرز سے معذرت خواہ ہوں، اگرچہ میں نے مذکورہ پیشکش سے کوئی فائدہ نہیں اٹھایا تاہم متعدد اینٹی کرپشن لیکچرز میں شرکت کے باوجود میں اس مذکورہ پیشکش سے متعلق آگاہ کرنے میں ناکام رہا لہٰذا مجھے بجا طور پر مسابقتی کرکٹ سے معطل کیا گیا۔چونکہ میں معافی کا خواست گار ہوں لہٰذا میں تمام کرکٹرز سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کرپٹ عناصر سے باخبر اور ان کی پیشکش سے ہوشیار رہتے ہوئے اس سے متعلق معلومات کو فوری طور پر پی سی بی سکیورٹی اور اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کریں تاکہ انہیں کھیل سے دور رکھا جاسکے۔ کرکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے اور گزشتہ تین ماہ میں اس کی کمی شدت سے محسوس کی ہے تاہم اس عرصہ کے دوران میں نے مزید محتاط رہنا بھی سیکھا ہے کیونکہ یہاں ایسے لوگ بھی موجود ہیں جو اپنے فائدے کے لیے معصوم لوگوں کو قربان کر دیتے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ میرے تمام دوست، ساتھی اور کوچ مجھے معاف کر یں گیاوروہ مجھے دوبارہ کرکٹ میں قبول کرلیں گے۔واضح رہے ذیشان ملک پی سی بی اینٹی کرپشن کوڈ پر لیکچر لینے اور دینے سمیت مقامی ٹیموں کے ساتھ ایسے مختلف سیشنز میں حصہ لیں گے، جس کے بعد انہیں مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی اجازت ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن