صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے:رائو سردار علی
لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب راؤ سردار علی خان نے ٹریفک پولیس کو صوبہ بھر میں شاہرات پر ٹریفک بہاؤ کو برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت ٹریفک مینجمنٹ پلان تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ لاہور ، گوجرانوالہ ، راولپنڈی ، فیصل آباد اور ملتان سمیت دیگر بڑے شہروں میں ٹریفک کے ہموار بہاؤ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور صوبہ بھر میں ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے۔ ون ویلنگ، ون وے و دیگر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کسی رعایت کے حقدار نہیں جبکہ شاہرات پر زیادہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب بھر میں سال 2021ء میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 2716983 چالان ٹکٹس جاری کی گئیں۔ بغیر لائسنس کے گاڑی چلانے پر 556656 چالان کیے گئے۔ بغیر رجسٹریشن کے گاڑی چلانے پر 415834 چالان کیے گئے بغیر روٹ پرمٹ کے گاڑی چلانے پر 42239 چالان کیے گئے، بغیر فٹنس سرٹیفیکیٹ کے گاڑی چلانے پر 16574 چالان کیے گئے۔