کرونا ،21اموات،ایک دن میں91ہیلتھ ورکر زسمیت 7ہزار سے زائد نئے مریض
اسلام آباد (خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ) کرونا سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 21 افراد جاں بحق جبکہ 91 ہیلتھ ورکرز سمیت سات ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں‘ مثبت کیسز کی شرح 11.53 فیصد ہو گئی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید 7 ہزار 48 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 21 مریض اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں ایک دن میں مزید 91ہیلتھ کیئر ورکرز کرونا کا شکار ہو گئے۔ این سی او سی کے مطابق ملک میں اس وقت ایک ہزار 247 ہیلتھ کیئر ورکرز کرونا کا شکار ہیں‘سندھ میں سب سے زیادہ ہیلتھ کیئر ورکرز متاثر ہوئے۔ سمبڑیال میں 33 سے زائد نئے مریض سامنے آ گئے۔ عبدالغفور شہید بوائز مڈل سکول میں 2 طلباء کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر سکول کو 5 روز کے لئے بند کر دیا گیا ہے اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں ایک طالبہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر کلام روم بھی بند کر دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز صادق آباد کے گورنمنٹ بوائز سکول گڑھی بیگڑھ کے 3طلبا 2ٹیچرز کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آیا۔ گورنمنٹ گرلز سکول رحیم آباد کے 3 اساتذہ کا کرونا رزلٹ بھی پازیٹو آیا جس پر محکمہ صحت کے حکام نے دونوں سکولوں کو سیل کر دیا، جکھڑ امام شاہ کے نواحی علاقہ یونین کونسل حاجی کماند میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائی سکول حاجی کماند میں مسز آئمہ سیلمہ مسز شازیہ کی طبیعت زیادہ خراب ہوگی تو ہسپتال داخل کیا گیا تو ان کا کرونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا تو اس کے علاوہ باقی 50 فیصد سکول کی طبیعت بھی خراب ہے۔ ادھر کینیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ گزشتہ روز صبح میرا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔