• news

کرپٹ اپوزیشن رہمنا کس منہ سے ایمانداری کا درس دے رہے ہیں:عثمان بزدار


لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت شہریوں کو کرونا سے محفوظ رکھنے کے لئے سب سے آگے۔ پنجاب میں ’’ریچ ایوری ڈور‘‘ (RED) مہم کے تحت 58 فیصد آبادی کو مکمل طور پر ویکسی نیٹ کردیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ آفس میں ویکسی نیشن مہم میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسروں اور عملے کے اعزاز میں خصوصی تقریب ہوئی، عثمان بزدار مہمان خصوصی تھے۔ عثمان بزدار نے ’’ریچ ایوری ڈور‘‘ (RED) تھری مہم کا کل سے باقاعدہ آغاز کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ’’ریچ ایوری ڈور‘‘(RED) تھری مہم کا پہلا فیز 14 فروری تک جاری رہے گا۔ تمام ڈیپارٹمنٹس، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ ٹیمیں مہم کی کامیابی کیلئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ کرونا پوری دنیا کے لئے چیلنج ہے۔ زیادہ سے زیادہ افراد کو ویکسین لگانے کے لئے حکومت سرگرم عمل ہے۔ پنجاب اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ویکسی نیشن ٹارگٹ کے لحاظ سے تمام صوبوں میں سرفہرست ہے۔ ٹارگٹ کے حصول کا یہ کام ویکسی نیشن ٹیموں کی لگن اور انتظامی افسروں کی کاوشوں سے پایہ تکمیل کو پہنچ رہا ہے۔  کرونا کے خلاف جنگ ہر محاذ پر مل کر لڑیں گے اور سرخرو ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے میانوالی، بھکر، ڈیرہ غازی خان، راجن پور، سرگودھا، اوکاڑہ‘ قصور، چنیوٹ،ساہیوال، ملتان، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور لودھراں کے ڈپٹی کمشنرز اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز ہیلتھ میں شیلڈ ز تقسیم کیں۔ ایک بیان میں عثمان بزدار نے کہاہے کہ عوام حیرت زدہ ہیں کہ کرپشن کے کیسوں میں ملوث اپوزیشن رہنما  کس منہ سے ایمانداری کا درس دے رہے ہیں۔ اپوزیشن کی جا نب سے کرپشن پر لیکچر دینا ’’دوسروں کو نصیحت، خود میاں فضیحت‘‘ کے مترادف ہے۔ عمران خان کی قیادت میں کرپٹ مافیا کے خلاف جہادکررہے ہیں اورکرتے رہیں گے۔ ہر نازک موقع پر سیاست چمکاکر اپوزیشن رہنما اب بے حسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور ان لوگوں کے سینے میں دل نہیں بلکہ اقتدار کی ہوس ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا رویہ انتہائی مایوس کن ہے۔ پاکستانی قوم اپوزیشن کو غیر ذمہ دارانہ رویے پر معاف نہیں کرے گی۔عثمان بزدار بہاولپور پہنچ گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب آج بہاولپور میں نیا پاکستان قومی صحت کارڈ کے اجراء کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن