اقتصادی سفارتکاری‘ امنا فروغ ترجیحات ہیں: شاہ محمود
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ٹوگو کے وزیر خارجہ پروفسیر رابرٹ دْوسے سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انہوں نے مشترکہ مفادات اور باہمی احترام کو پاکستان اور ٹوگو کے درمیان شراکت داری کی بنیادی قوت قرار دیا۔ علاوہ ازیں انسٹی ٹیوٹ آف ریجنل سٹڈیز کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اقتصادی سفارتکاری‘ علاقائی رابطے اور امن کا فروغ ترجیحات ہیں۔ دریں اثناء وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جغرافیائی اقتصادی ترجیحات کے تناظر میں، اقتصادی سفارت کو بروئے کار لا کر، پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مسلسل کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی وفاقی سرمایہ کاری بورڈ آمد کے دوران چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ محمد اظفر احسن نے وزیر خارجہ کا خیر مقدم کیا۔ وزیر خارجہ کی چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن سے ملاقات ہوئی۔مزید برآں وزیر خارجہ کا ازبکستان کے وزیر خارجہ عبدالعزیز کامیلوف، تاجکستان کے وزیر خارجہ سراج الدین مہرالدین کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا، وزرائے خارجہ نے باہمی شراکت داری کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا۔ دوسری طرف وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دے رہی ہے۔ وزارت خارجہ میں ڈچ وفد نے رائل فریسلینڈ کمپنی (RFC)کے سی ای او ہائین شومیکر کی سربراہی میں ملاقات کی ،وزیر خارجہ نے اراکین وفد کو پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے میسر مواقعوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔