پولنگ سٹیشنرپر حملہ،وزیر ٹرانسپورٹ خیبر پی کے شاہ محمد بیٹے سمیت5سال کیلئے نا اہل
اسلام آباد+ پشاور (نامہ نگار+ بیورو رپورٹ+ این این آئی) الیکشن کمشن نے پولنگ سٹیشنز پر حملے میں ملوث ہونے کے الزامات ثابت ہونے پر خیبر پی کے کے وزیر ٹرانسپورٹ شاہ محمد خان جبکہ صوبائی وزیر شاہ محمد کے بیٹے مامون الرشید کو 5 برس کیلئے الیکشن لڑنے کے لئے نااہل قرار دے دیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے دوران ضلع بنوں کی تحصیل بکاخیل میں امن و امان کیس سے متعلق اہم فیصلہ دیتے ہوئے صوبائی وزیر شاہ محمد اور انکے بیٹے مامون رشید کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ شاہ محمد‘ بکا خیل پولنگ سٹیشنز پر حملہ میں ملوث تھے جس پر دونوں کو مجرم قرار دیدیا گیا۔ یاد رہے بنوں کے علاقے نرمی خیل میں رات گئے4 پولنگ سٹیشنوں پر مسلح نقاب پوشوں نے حملہ کیا اور پولنگ کا سامان اٹھا کر لے گئے تھے۔ شاہ محمد کو ڈی نوٹیفائی بھی کر دیا گیا۔ مامون الرشید کے خلاف فوج داری مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ الیکشن کمشن نے صوبائی الیکشن کمشنر کو ہدایت جاری کی ہے کہ شاہ محمد خان اور ان کے بیٹے سمیت گلباز خان، محبت خان اور قدرت اللہ کے خلاف بھی کیسز دائر کیے جائیں، اسسٹنٹ پریزائڈنگ آفیسر محبت خان، حمید اللہ اور قدرت اللہ کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔ پولیس کو مقدمات درج کرکے تمام افراد کو گرفتار کرنے کا حکم بھی جاری کیا اور کہا کہ پولیس اس کیس کی تمام پہلوؤں کی تحقیقات کرے۔ ثابت ہوا ہے شاہ محمد خان پولنگ سٹیشن پر حملے، پولنگ سٹاف کے اغوا اور انتخابی مواد چھیننے کے مرتکب قرار پائے۔